بنگلادیش میں عوامی لیگ سے وابستہ سرگرمیوں کے الزام میں قید خاتون کے 15 سالہ معذور بیٹے کا والدہ سے ملنے کی خواہش اور جدائی میں انتقال ہوگیا، جس کے بعد جیل حکام نے ماں کو بیٹے کے آخری دیدار کرنے کے لیے صرف چند منٹ کی اجازت دی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 44 سالہ سحرمن سلطانہ شرمی عوامی لیگ کی خواتین تنظیم جوبو مہیلا لیگ کی سابق سیکریٹری ہیں۔ انہیں 3 اکتوبر کو انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا اور وہ غازی پور کی ویمنز سینٹرل جیل میں قید ہیں۔
ان کے بیٹے نسورگ حسین توری کا جمعہ 27 نومبر کی رات انتقال ہوا۔ وہ پیدائش سے ہی متعدد طبی پیچیدگیوں کا شکار تھا اور مبینہ طور پر اس کے 10 سے 12 آپریشن ہوچکے تھے۔ اسے روزمرہ امور، خوراک اور ادویات کے لیے مسلسل دیکھ بھال کی ضرورت تھی، جس کی بڑی ذمہ داری اس کی والدہ نبھاتی تھیں۔
اہل خانہ نے بتایا کہ توری والدہ کی گرفتاری کے بعد شدید پریشان رہنے لگا تھا اور ان سے ملنے کی خواہش ظاہر کرتا رہتا تھا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں توری کو والدہ کی قید کے باعث اپنی تعلیم اور علاج کے حوالے سے پریشان دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں وہ کہتا ہے کہ اب وہ اسکول کیسے جائے گا اور پڑھائی کیسے کرے گا؟ گھر میں کھانے، ادویات اور اپنے آپریشن کا انتظام کون کرے گا؟ اس کا کہنا تھا کہ اس کا ایک اور آپریشن بھی باقی ہوسکتا ہے جبکہ اس کی والدہ بالکل بے قصور ہیں۔
اس سے قبل سحرمن سلطانہ کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی تھی، جس میں وہ اپنی رہائی کی اپیل کرتے ہوئے کہہ رہی تھیں کہ ان کا بچہ بیمار اور معذور ہے، اسے رات بھر ادویات دینی پڑتی ہیں اور اس کی دیکھ بھال کرنے والا کوئی نہیں، کیونکہ ماں باپ کے سوا اس کا کوئی سہارا نہیں۔
بنگلا دیشی اخبار ڈیلی اسٹار کے مطابق توری کی خالہ شمی نے بتایا کہ انتقال سے قبل وہ والدہ کو یاد کرکے روتا اور ان کے ساتھ رہنے کی خواہش ظاہر کرتا تھا۔ اس کی دادی کوہ نور بیگم نے بھی بتایا کہ والدہ کی عدم موجودگی نے اسے شدید ذہنی پریشانی میں مبتلا کردیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق توری جمعے کی رات اپنے گھر میں انتقال کرگیا۔ اس کی دادی نے بتایا کہ وہ رات تقریباً ساڑھے 9 بجے باتھ روم گیا، لیکن واپس نہ آیا۔ اہل خانہ نے دروازہ توڑ کر دیکھا تو وہ بے ہوشی کی حالت میں پڑا تھا۔
بیٹے کی موت کے بعد اہل خانہ نے جیل حکام سے سحرمن سلطانہ کو آخری مرتبہ اس کا چہرہ دکھانے کی اجازت دینے کی درخواست کی۔
جیل کے سینئر سپرنٹنڈنٹ محمد نذر الاسلام نے بتایا کہ اعلیٰ حکام کی اجازت اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سحرمن سلطانہ کو جیل کے مرکزی دروازے پر بیٹے کی میت دیکھنے کی اجازت دی گئی۔
ان کے مطابق والدہ کو تقریباً دو منٹ تک بیٹے کا آخری دیدار کرنے دیا گیا، تاہم ان کی چھوٹی بہن شمی نے بتایا کہ ملاقات تقریباً پانچ منٹ جاری رہی، جس کے بعد سحرمن سلطانہ کو دوبارہ جیل کے اندر منتقل کردیا گیا۔