اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)قائم مقام صدر رضا ربانی نے کہا ہے کہ حکومت کی کوششوں کی وجہ سے پولیو کے مرض میں خاطر خواہ کمی آئی ہے ۔یہ بات قائم مقام صدر نے روٹری انٹرنیشنل کے نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنھوں نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔قائم مقام صدر نے امید کا اظہار کیا کہ پاکستان جلد ہی پولیو سے مکمل طور پر چھٹکارا پالے گا۔ اس سلسلے میں روٹری انٹرنیشنل کی معاونت پاکستان کیلئے بہت مددگار ثابت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کامیابی سے جاری ضرب عضب آپریشن کی وجہ سے 6 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا ممکن ہوا ، یہ بات خوش آئند ہے کہ پولیو کی روک تھام کیلئے فاٹا میں بھی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ پولیو ورکرز مرض کی روک تھام کے لیے اپنی جان بھی دینے سے نہیں گھبرا رہے ،حکومت پولیو ورکرز کے تحفظ کے لیے سکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنا رہی ہے۔اس موقع پر انٹرنیشنل روٹری کے چیئرمین مائیکل میک گورن نے قائم مقام صدر کو اپنی تنظیم کی پاکستان میں فلاحی سرگرمیوں کے متعلق آگاہ کیا۔