راولپنڈی (ساجد چوہدری ، اپنے نامہ نگار سے) پنجاب حکومت نے راولپنڈی ، فیصل آباد اور ملتان میں بھی ڈیلرز کے ذریعے گاڑیوں کی رجسٹریشن کے پروگرام کی منظوری دیدی ہے ، اب گاڑی شو روم سے ہی رجسٹرڈ ہو کر نکلے گی اس حوالے سے راولپنڈی میں اس پروگرام پر عملدرآمد کیلئے کام شروع کر دیا گیا ہے، ایکسائز حکام کے مطابق لاہور موٹررجسٹرنگ اتھارٹی میں یہ پریکٹس پہلے سے ہی جاری ہے اب یہ تینوں اضلاع میں شروع کی جا رہی ہے، پنجاب موٹر وہیکلز ٹرانزکشن لائسنس ایکٹ 2015کے تحت ڈیلرز کو رسائی دی جائے گی، اس حوالے سے ڈیلرز سے درخواستیں لی جائیں گی ، لائسنس کی ایک فیس مقرر کی گئی ہے جو ڈیلرز کو فراہم کرنا ہو گی ، اس طرح جو ڈیلرز محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے ساتھ پینل پر آئیں گے وہ آن لائن ڈیٹا موٹر رجسٹرنگ اتھارٹی کو بھجوا سکیں گے، گاڑیوں کے مالکان کو کمپیوٹرائزڈ نمبر پلیٹس شو روم سے ملا کرینگی جبکہ رجسٹریشن بکس ایکسائز حکام تیار کر کے مالک کو فراہم کریں گے۔