پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا مؤثر انداز میں پتہ لگایا تھا۔
ترجمان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ہائی ویلیو دہشت گرد کمانڈر سمیع عرف شینائے بھی ہلاک ہوا جبکہ کمانڈر سلمان، دہشتگرد عمران اور دہشتگرد حضرت عمر خالد بھی مارا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے، ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگرد بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشتگردی کی کارروائیوں میں سرگرم تھے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں بھی آپریشن کیا گیا اور دہشتگردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان شہید ہوگیا۔
ترجمان کے مطابق لانس نائیک محمد اعجاز خان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔