بالی ووڈ اداکار نانا پاٹیکر نے مداح کو تھپڑ رسید کرنے کے معاملے پر خاموشی توڑ دی اور ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتے ہوئے وضاحت پیش کر دی۔
بھارتی اداکار نے گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کی وجہ سے تنقید کی زد میں آنے کے بعد اب فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر ایک انٹرویو کا کلپ شیئر کیا ہے۔
دورانِ انٹرویو انہوں نے مداح کو تھپڑ رسید کرنے کے معاملے کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ یہ دراصل ایک فلم کا سین تھا جس کی ہم ریہرسل کر رہے تھے، ہدایت کار نے ہم سے شوٹنگ سے قبل دو بار ریہرسل کروائی، ایک بار ہم ریہرسل کر چکے تھے اور اب دوسری بار ریہرسل کی باری تھی۔
انہوں نے سین سمجھاتے ہوئے کہا کہ سین کچھ اس طرح تھا کہ میں ایک ہیٹ (ٹوپی) پہن کر کھڑا ہوں کہ ایک لڑکا پیچھے سے آتا ہے اور مجھ سے کہتا ہے کہ اے بڈھے اپنا ہیٹ (ٹوپی) مجھے فروخت کرو گے جس پر میں اسے تھپڑ مار کر سمجھاتا ہوں کہ بڑوں سے تمیز سے بات کیا کرو یہ طریقہ نہیں ہے اور پھر لڑکا بھاگ جاتا ہے۔
نانا پاٹیکر نے بتایا کہ ہم ایک بار اس طرح ریہرسل کر چکے تھے اب دوسری بار ریہرسل کی باری تھی تو اچانک مذکورہ مداح سیلفی کے لیے اسی طرح پیچھے سے آ گیا، جس کا مجھے اندازہ نہیں ہوا اور میں نے سین کے مطابق اسے تھپڑ مار دیا اور وہ بھاگ بھی گیا، مجھے بعد میں کسی نے بتایا کہ یہ وہ لڑکا نہیں تھا، یہ عام آدمی تھا شوٹنگ ٹیم میں شامل نہیں تھا۔
انہوں نے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ اس سے پہلے بھی کئی مداحوں کے ساتھ تصویریں بنوائی ہیں کبھی کسی کے ساتھ ایسا نہیں ہوا، اگر وہ لڑکا بھی مل جائے تو اس سے بھی معافی مانگ لوں گا، مجھے معلوم نہیں تھا، یہ انجانے میں ہوا۔
خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو میں دیکھا گیا کہ مداح نے فلم سیٹ پر آ کر نانا پاٹیکر کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش کی، اس دوران جیسے ہی مداح اداکار کے پیچھے سے آ کر سیلفی لینے لگا تو اداکار نے اس کے سر پر تھپڑ مار دیا اور اس کے بعد سیٹ پر موجود فلم کریو نے اس نوجوان کو گردن سے پکڑ کر پیچھے کی جانب واپس روانہ کر دیا۔
واضح رہے کہ ہدایت کار انیل شرما نے بھی اس وائرل ویڈیو کی حقیقت بیان کرتے ہوئے کہا تھا کہ مذکورہ وائرل کلپ ان کی ہدایت کاری میں بننے والی ایک فلم کا سین ہے اور یہ اس وقت عکاس بند کیا گیا جب نانا پاٹیکر اس سین کی ریہرسل کر رہے تھے۔