ہدایتکار سوکومار کی فلم پشپا 2: دا رول نے ایس ایس راجامولی کی فلم باہو بلی 2: دا کنکلوژن کا ریکارڈ توڑ دیا جبکہ اپنی نظریں دنگل پر جمالیں۔
فلم پشپا 2 میں الو ارجن، رشمیکا مندانا اور فہد فاصل مرکزی کرداروں میں نظر آئے۔ مداحوں کے انتظار کے بعد فلم 4 دسمبر کو ریلیز کی گئی جو اب تک کئی ریکارڈز توڑ چکی ہے۔
اپنی ریلیز کے 32 دن بعد فلم نے باہو بلی 2 سے بھارت میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم کا اعزاز چھین لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پشپا 2 اب تک دنیا بھر دنیا بھر میں 1831 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کرچکی ہے، جبکہ بھارت میں یہ فلم 1438 کروڑ کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی ہے۔
اس شاندار کامیابی کے ساتھ پشپا 2 نے ایس ایس راجمولی کی باہوبلی 2 کو پیچھے چھوڑ دیا، جو 8 سالوں تک بھارت کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم رہی۔
پشپا 2 کی ٹیم نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں اعلان کیا کہ یہ فلم اب بھارتی سنیما کی سب سے بڑی ہٹ فلم بن چکی ہے اور بھارت میں کسی بھی فلم کا سب سے زیادہ کمائی کا ریکارڈ قائم کر دیا۔ 32 دنوں میں عالمی سطح پر 1831 کروڑ کا مجموعی بزنس کرچکی ہے۔
باہوبلی 2 نے بھارت میں 1417 کروڑ کا بزنس کیا تھا جبکہ مجموعی طور پر اسکا بزنس 1810 کروڑ سے زائد رہا تھا۔
خیال رہے کہ بھارت کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم عامر خان کی دنگل ہے، جس نے زیادہ تر کمائی بیرونِ ملک سے کی تھی۔
دنگل نے بھارت میں 535 کروڑ اور دنیا بھر میں 2000 کروڑ سے زائد کمائے تھے۔ تاہم پشپا 2 کی موجودہ کمائی کو دیکھتے ہوئے تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ فلم پشپا 2 یہ ریکارڈ بھی توڑ سکتی ہے۔