پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار سعود قاسمی نے پاکستانی فلم انڈسٹری کی تباہی کا ذمے دار انڈسٹری کی 2 بڑی شخصیات کو ٹھہرا دیا۔
سعود قاسمی نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔
اُنہوں نے پوڈ کاسٹ میں فلم انڈسٹری کے زوال کے بارے میں بات کرتے ہوئے الزام عائد کیا ک ہشان شاہد اور سید نور نے انڈسٹری کو زیادہ نقصان پہنچایا ہے، اگر یہ دونوں چاہتے تو انڈسٹری بہت آگے جا سکتی تھی۔
اداکار نے مزید کہا کہ شان شاہد، سید نور اور چند اور دو چار ڈائریکٹرز سے پہلے جو لوگ انڈسٹری کا حصّہ تھے وہ بھی کچھ ایسے ہی تھے، ان لوگوں نے صرف اپنا بزنس کیا لیکن انڈسٹری آگے بڑھانے پر توجہ نہیں دی جبکہ ہمارے پڑوسی ملک میں لوگوں نے اپنا ذاتی بزنس پر نہیں بلکہ انڈسٹری کی ترقی پر توجہ دی۔
اُنہوں نے کہا کہ سلطان راہی کا ایک اچھا دور تھا لیکن لوگوں کو گزرتے وقت کے ساتھ اپنے آپ کو بدلنا چاہیے تو اس انڈسٹری کے زوال میں ہم سب کا ہی تھوڑا تھوڑا ہاتھ ہے۔
اداکار نے ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں نے یہ بات شان شاہد سے کہی بھی ہے کہ آپ کا اصل مسئلہ یہ ہے کہ آپ دوسروں میں بہت نقص نکالتے ہیں اور یہ چیز میرے خیال میں غلط ہے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ انسان اگر دوسروں میں نقص نکالنے کے بجائے اپنی خامیاں دور کرلے تو زیادہ بہتر ہے۔