آپ کے مسائل اور اُن کا حل
سوال:۔ کیا ایک گاڑی کا تجارتی لائسنس دوسرے شخص کواجرت پر دینا جائز ہے یا نہیں اور لائسنس مال ہے یا نہیں؟
جواب:۔ کسی بھی شعبے کا لائسنس یا ڈگری جو کسی شخص یا کمپنی کو حکومت کی طرف سے جاری کیا جاتا ہے، وہ خاص اس شخص یا کمپنی کے لیے اس شعبے کو اختیار کرنے کا اجازت نامہ ہوتا ہے، کسی اور کے لیے اس لائسنس کو استعمال کی قانوناً اجازت نہیں ہوتی اور حکومت کی ایسی جائز پابندیاں جو مفادِ عامہ کی مصلحت میں ہوں، ان کی پاس داری شرعاً بھی لازم ہوتی ہے۔
لہٰذا صورتِ مسئولہ میں تجارتی گاڑی کا لائسنس جس کے لیے گورنمنٹ نے جاری کیا ہے، اس کے علاوہ کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، نیز یہ اجازت نامہ کوئی ایسا مال نہیں ہے جسے کرایہ پر دیا جاسکے یا فروخت کیا جاسکے، اس لیے اسے کرایہ پر دینا اور لینا اور اس کی آمدنی دونوں ناجائز ہیں۔ (صحیح مسلم، کتاب الايمان، باب قول النبیﷺ من غشنا فليس منا، رقم الحديث:101، ج:1، ص:99، ط:دار احياء التراث العربی- فتاویٰ شامی ، کتاب البيوع، مطلب لا يجوز الاعتياض عن الحقوق المجردۃ، ج:4، ص:518، ط:سعيد)