میکسیکو کی مشہور فیشن انفلوئنسر اور ٹک ٹاک اسٹار ماریان اِزاگیرے کئی دن لاپتہ رہنے کے بعد پُراسرار طور پر چل بسیں، مداحوں نے ان کی آخری ویڈیو پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
مشیواکان کے اٹارنی جنرل کے دفتر نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دوران علاج وہ شدید طبی پیچیدگیوں کا شکار ہوئیں جس کے نتیجے میں وہ دماغی طور پر مفلوج ہوگئیں تھیں۔
23 سالہ ماریان کو یکم ستمبر کو لاپتہ قرار دیا گیا تھا ان کے اہلخانہ نے پولیس میں رپورٹ درج کروائی تھی، پانچ دن بعد حکام نے انہیں مشیواکان کے شہر موریلیا کے ایک ہوٹل سے برآمد کیا جہاں وہ کئی دن سے مقیم تھیں، ان کی گاڑی بھی اسی ہوٹل سے برآمد ہوئی۔
امدادی عملے نے موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا، بعد ازاں ان کی طبی حالت مزید بگڑتی گئی اور وہ جان کی بازی ہار گئیں، حکام کے مطابق واقعے کے اسباب جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
ماریان اِزاگیرے کے ٹک ٹاک پر 40 لاکھ سے زائد فالورز ہیں، انہوں نے لاپتہ ہونے سے پہلے ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس نے مداحوں کو تشویش میں ڈال دیا تھا، اس 33 سیکنڈز کی ویڈیو میں وہ کلاؤن میک اپ میں اداس اور آنکھوں میں آنسو لیے موسیقی پر لب ہلا رہی تھیں۔
ویڈیو کے کیپشن میں لکھا تھا، ’میری محبت کے سارے وعدے تمہارے ساتھ جائیں گے، تم کیوں جا رہے ہو؟‘ جبکہ مداحوں نے کمنٹس میں ان سے حوصلہ رکھنے اور محفوظ رہنے کی اپیل کی تھی۔
واضح رہے کہ ماریان کے لاپتہ ہونے کی اطلاع البا الرٹ سسٹم کے ذریعے دی گئی تھی جس میں ان کی آخری نقل و حرکت اور ذاتی تفصیلات شائع کی گئی تھیں۔