بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر) محکمہ لوکل گورنمنٹ بہاولپور میںٹینڈرز کی مد میں کروڑوں کی کرپشن پکڑی گئی ،، ایس ڈی او محمد الطاف نے دوست کو جعلی سی ڈی آر پر ٹینڈر جاری کرایا،جعلسازی ثابت ہونے پر ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نے ایس ڈی او کیخلاف کارروائی کا حکم دیدیا،کنٹریکٹر کو بلیک لسٹ کرنے اور مقدمے کی ہدایت کی ہے لیکن تاحال کوئی کارروائی نہ ہو سکی ،تفصیل کے مطابق محکمہ لوکل گورنمنٹ کے ایس ڈی او محمد الطاف نے 15جون 2016ء کو کروڑوں روپے کے ٹینڈرز کروائے جس میں مبینہ طورپر ایک کروڑ مالیت کے کام کاٹینڈر ایس ڈی او نے اپنے ہی علاقے کے قریبی دوست آصف خان کوپول کرکے کام دے دیا۔ موقع پر جب ایکسین لوکل گورنمنٹ شہزاد احمد نے کنٹریکٹر کی جانب سے جمع کرائی گئی سی ڈی آرز کوچیک کیا تو جعلی ہونے کاشک ہوا جس پر ایس ڈی او کو ٹینڈرپراسیس روکنے کی ہدایت کرتے ہوئے سی ڈی آرز ویری فکیشن کیلئے متعلقہ بینک کوبھجوائی گئیں۔ بینک نے سی ڈی آرز جعلی ہونے کی تصدیق کردی ا انکوائری میں جعلسازی ثابت ہونے پر ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نے متعلقہ ایس ڈی او اورایکسین کوجاری کردہ لیٹر میں سختی سے ہدایت جاری کی کہ فوری طورپر متعلقہ کنٹریکٹر آصف خان کے خلاف نہ صرف جعلسازی کامقدمہ درج کرایاجائے بلکہ اس کوبلیک لسٹ بھی کیاجائے۔ تاہم 4روز گزرنے کے باوجود ایس ڈی او لوکل گورنمنٹ محمد الطاف کی جانب سے نہ ہی جعلسازی کے مرتکب کنٹریکٹر آصف خان کے خلاف مقدمہ درج کرایاگیاہے اورنہ ہی اس کوبلیک لسٹ کرنے کیلئے کیس مرتب کرکے متعلقہ اتھارٹی کوبھجوایاگیاہے۔ اس حوالے سے ایکسین لوکل گورنمنٹ شہزاداحمد نے بتایاکہ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کی جانب سے مقدمہ کے اندراج کی ہدایات جاری ہوچکی ہیں تاہم ابھی تک ایس ڈی او نے اس حوالے سے کوئی کارروائی نہیں کی۔دوسری طرف ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ خورشید احمد نے جنگ کوبتایاکہ پہلے بھی کروڑوں روپے کے ٹینڈرز میں ایس ڈی او محمد الطاف کی جانب سے بے ضابطگیوں کی شکایت پر انکوائری جاری ہے جس کے بارے میں بھی ابھی تک ایس ڈی او نے کوئی جواب جمع نہیں کروایا۔