جدہ (شاہد نعیم، نمائندہ خصوصی ) پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ میاں نواز شریف کی حکومت کیلئے آئندہ سو دن بہت اہم ہیں آئندہ سو دن میں میں انکی حکومت نہیں دیکھ رہا۔ اب تو لڑائی گھر میں ہی شروع ہوچکی ہے ، اور انہوں نے دعوی کیا کہ نواز شریف کا خیال ہے کہ شہباز شریف فوج سے رابطے میں ہیں اسلئے وہ انہیں بھی اقتدار حوالے کرنے کو تیار نہیں۔یہ بات انہوں نے جدہ میں پاکستان جرنلسٹس فورم کے افطار ڈنر میں باتیں کرتے ہوئے کہی۔ ان سے پوچھا گیا کہ گھر کے اندر کی لڑائی کا آپکو کیسے علم ہے؟؟ تو شیخ رشید نے کہا اللہ تعالیٰ کو دیکھا نہیں مگر جانا ہے، بھائی کا آپریشن ہوا ، بھائی پاناما لیکس میں پھنسا پڑا ہے ، مجھے شہباز شریف کا جمعہ بازاروں کے دوروں کے علاوہ کوئی بیان دکھا دیں۔ ان سے پوچھا گیا کہ آپ اکثر حکومت جانے کی تاریخ دیتے ہیں مگر ایسا ہوتا نہیں۔ شیخ رشید نے جواب دیا کہ میرے اس بیان کی وجہ یہ ہے کہ نواز شریف کا کوئی دشمن نہیں وہ خود ہی خود کش ہیں خود ہی اپنے حالات ایسے کرلیتے ہیں، ایسا کونسا ملک ہے جسکا وزیر اعظم باہر بیٹھ کر حکومت چلائے، ملک ای میل اور کمپیوٹر، سوشل میڈیا کے ذریعے چلایا جارہا ہے جو ملک کے ساتھ زیادتی ہے، وزیر اعظم دو ماہ ملک سے باہر ہیں، سارا نظام خراب ہو رہا ہے اور میاںنواز شریف کی خواہش ہے کہ جنرل راحیل شریف کے ریٹائرمنٹ تک باہر ہی رہیں جو ممکن نہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ ہم بین الاقوامی طور پر بھی اب علیحدہ ہیں مجھے لگتا ہے کہ ہماری ناقص پالیسیوں کی وجہ سے چین جیسا پیار ا دوست بھی ہم سے ناراض نہ ہوجائے، امریکا ہمارے سی پیک کے پیچھے پڑا ہے وہ اسے بنانے پر لگا ہوا ہے، وہ ہندوستا ن کا سہارا لے رہا ہے ، ہماری کمزور خارجہ پالیسی ان تمام چیزوں کا مقابلہ کرنے کی اہل نہیں ۔ انہوں نے کہا اگر کراچی میں امجد صابری جیسا معصوم شخص قتل کیا جاسکتا ہے تو کیا گناہ کار، بدعنوان ، بڑے بڑے لوگ اپنے آپکو محفوظ سمجھتے ہیں؟؟ شیخ رشیدنے کہا کہ میاں صاحب اپنے دور حکومت میں کسی ملک سے ملکی تعلقات نہیں بلکہ ذاتی تعلقات بنانے پر زور دیتے ہیں، وہ اب ترکی میں اپنی راہ تلاش کررہے ہیں۔ میڈیا میں انکی جاری ہونے والی سیلفی کے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ میں نواز شریف کے میڈیا سیکشن کو تنبہہ کرتا ہوں کہ وہ باز آجائیں۔ جن کی تصاویر میڈیا پر جاری کی گئی ہیں وہ میری بچیوں کی طرح ہیں۔ شیخ رشید نے کہا میاں صاحب عید کے بعد عوامی احتجاج کا سامنا کرنے کی تیاری کریں اب صرف پی ٹی آئی اور طاہر القا در ی نہیں کئی جماعتیں انکے خلاف سڑکوں پر آئیں گی اور انہیں مشکل پیش آئیگی۔ نواز شریف کا وقت سے قبل گھر جانے کا فیصلہ عوام کرچکے ہیں۔