کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل مقابلے میں آسٹریلیا کی کامیابی پر جشن منانے اور پاکستان کے حق میں نعرے لگانے الزام میں مقبوضہ کشمیر میں 7 طالب علموں کو دہشتگردی الزام کے تحت گرفتار کر لیا گیا ہے، واقعہ گاندربل ضلع میں ویٹرنری کالج کے ہوسٹل میں پیش آیا، گرفتار طالب علموں پر انسداد دہشت گردی کے نئے قانون یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اس کے علاوہ ان پر انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 505کے تحت بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔کالج حکام نے گرفتاریوں کی تصدیق کردی ۔ گاندربل ضلع کی پولیس نے یہ کارروائی کالج میں زیر تعلیم انڈین پنجاب سے تعلق رکھنے والے طالب علم کی شکایت پر کی ہے۔ طالب علم کی شکایت پر گاندربل پولیس نے جو ایف آر درج کی اُس کے مطابق وہ فائنل میچ دیکھ رہے تھے اور انڈیا کی حمایت کر رہے تھے۔