ریاض (شاہدنعیم) سعودی کابینہ نے چھوٹے اور درمیانے سائز کے اداروں کے معاملات کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر مذاکرات کا اختیار وزیر تجارت کو تفویض کیا ہے۔ کابینہ کا اجلاس منگل کو ریاض میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں منعقد ہوا۔ کابینہ نے داخلی اور بیرونی امور کے سلسلے میں 20 فیصلے کئے ہیں۔ کابینہ نے وزیر تجارت کو سعودی عرب میں چھوٹے اور درمیانے سائز کے اداروں کی جنرل اتھارٹی اور پاکستانی وزارت صنعت و پیداوار کے ماتحت چھوٹے اور درمیانے سائز کے اداروں کے فروغ پر مامور اتھارٹی کے ساتھ تعاون کی مفاہمتی یادداشت کے لیے مذاکرات کا اختیاردیا۔