لاہو ر(نمائندہ خصو صی)قائمقام صدر، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کو ٹی اوآرز کے معاملے پر مذاکرات کا دروازہ بند نہیں کرنا چاہیے، فیصلے سڑکوں پر نہیں بلکہ مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر حل ہو ں گے، نواز شریف اپنی آئینی مدت پوری کریں گے ، قومی اسمبلی کے اراکین میں وزیر اعظم کے خلاف کوئی فارورڈ بلاک نہیں بن رہا ، یہ محض افواہیں ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ٹی او آرز کے معاملے پر ہونیوالے دونوں اجلاسوں میں شامل تھا ، حکومت اور اپوزیشن دونوں کی ہی خواہش تھی کہ اس معاملے کو مل بیٹھ کر حل کیا جائے لیکن بعد میں اختلافات بڑھ گئے ، سیاست میں مذاکرات کا دروازہ کبھی بند نہیں ہوتا اور نہ ہی حکومت اور اپوزیشن کو ٹی اوآر کے معاملے پر یہ دروازہ بند کرنا چاہیے ،یہ معاملہ مل بیٹھ کر ہی حل ہو سکتا ہے ، سڑکوں پر آنے سے کسی کو روکا نہیں جاسکتا لیکن سڑکوں پر آنے کے وہی نتائج برآمد ہوں گے جو کہ اس سے پہلے برآمد ہوئے ، حکومت کو یر غمال بنا لیا گیا اور ملک کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا ، یہ فیصلے سڑکوں پر نہیں ہو ں گے بلکہ مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر حل ہو ں گے ۔ شیخ رشید کی پیشین گوئیاں سال 2002ء سے سن رہا ہوں لیکن آج تک ان کی ایک بھی پیشین گوئی پو ری نہیں ہوئی ، ان کو چاہیے کہ وہ ایک طوطا رکھ لیں جو انہیں فال نکال کر دے اور بتائے کہ ملک میں کیا ہونیوالا ہے ۔ وزیر اعظم کے خلاف پیپلزپارٹی کے ریفرنس کا فیصلہ الیکشن کمیشن کر ے گا، ریفرنس تو میں نے بھی عبدالعلیم خان کے خلاف دائر کروایا تھا پٹیشن بھی دائر کی تھی لیکن جج نے فیصلہ ہی محفوظ کر لیا ، سب جانتے ہیں کہ وہ جج پی ٹی آئی کے ایڈوائزر ہیں اصولی طورپر ان کو میرے مقدمے کی سماعت نہیں کرنی چاہیے تھی لیکن پھر بھی انہوں نے کی اور میرے ہی خلاف فیصلہ دیا ۔ اگر عبدالعلیم خان کو اپنے جھوٹے ہو نے کا ڈر نہیں ہے تو آئیں اور کیس میں میرا سامنا کریں۔ اگر سارے اختیارات ہائیکورٹ کو ہی دینے ہیں تو پھر الیکشن کمیشن بنانے کا کیا فائدہ ۔ اگر دھرنے حکومت کو ٹف ٹائم نہیں دے سکے تو پاناما لیکس پرمخالف جماعتوں کی مو جودہ حکمت عملیاں بھی ہمارے لیے کوئی ٹف ٹائم نہیں ہے ۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قائم مقام صدر کے فرائض سنبھال لئے ہیں ،واضح رہے کے صدر مملکت ممنون حسین اور چیئر مین سینٹ میاں رضا ربانی عمرے کی سعادت کے لئےسعودی عرب گئے ہوئے ہیں ، قائم مقام صدر سردارایاز صادق اس وقت لاہورمیں مقیم ہیں۔