نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کراچی وسطی کے علاقے عائشہ منزل کے قریب عمارت میں آگ لگنے کا نوٹس لے لیا ہے۔
انہوں نے کمشنر کراچی اور ڈپٹی کمشنر کو جائے وقوعہ پر پہنچ کر معاملے کی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
نگراں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ آگ پر جلد سے جلد قابو پایا جائے تاکہ کوئی بڑا نقصان نہ ہو، لوگوں کو بحفاظت محفوظ مقام تک پہنچایا جائے۔
ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے فائر بریگیڈ کی مزید گاڑیوں کو جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ بجھانے کی ہدایت کی۔
دریں اثنا نگراں وزیر اطلاعات سندھ محمد احمد شاہ نے کہا کہ سب سے پہلے انسانی جانوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔
نگراں وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ آگ کو بجھانے کےلیے متعلقہ بلدیاتی عملہ اور مشینری ریسکیو عمل میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہری ریسکیو عملے سے تعاون کریں تاکہ ریسکیو عمل میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔