کراچی میں عائشہ منزل کے قریب آگ سے متاثرہ رہائشی عمارت سے ایک اور لاش نکال لی گئی، واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہو گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق متوفی دم گھٹنے اور جھلسنے سے جاں بحق ہوا، لاش شاپنگ مال کی پہلی منزل سے ملی ہے جس کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے متاثرہ عمارت کو سیل کر دیا ہے۔
عمارت میں داخلے سے روکنے کے لیے پولیس کی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔
اس حوالے سے ایس بی سی اے کا کہنا ہے کہ عرشی سینٹر کی عمارت کو سیل کر دیا گیا ہے، معائنے کے بعد فیصلہ ہو گا کہ عمارت استعمال کے قابل ہے یا نہیں۔
ترجمان ایس بی سی اے نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر سینٹرل کی ہدایت پر شاپنگ سینٹر کی عمارت کو سیل کیا ہے، سیل کرنے کا مقصد ہے کہ کوئی شخص اندر داخل نہ ہو سکے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کولنگ کے عمل کے بعد ایس بی سی اے کی کمیٹی عمارت کا معائنہ کرے گی، کمیٹی عمارت کے معائنے کے بعد رپورٹ پیش کرے گی۔
متاثرہ عمارت میں 250 سے زائد دکانیں اور تقریباً 450 رہائشی فلیٹ ہیں۔
ریسکیو 1122 نے آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیا ہے۔