کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کی بلند عمارتوں میں خطرات بڑھنے لگے ‘15روز کے دوران شہر میں آگ لگنے کا دوسراواقعہ ‘عائشہ منزل کے قریب عرشی شاپنگ سینٹر میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں4افراد جاں بحق اور 2جھلس کر شدیدزخمی ہو گئے‘ ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ‘آگ سےکروڑوں کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا‘ فائربریگیڈ کی گاڑیوں نے کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا‘.
ریسکیوحکام کے مطابق عمارت کسی بھی وقت گرسکتی ہے ‘وزیراعلی سندھ مقبول باقر نے واقعہ کی فوری تحقیقات کا حکم دے کرکمشنر کراچی کی زسربراہی میں 3رکنی کمیٹی قائم کردی جبکہ گورنرسندھ نے کمشنرکراچی سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق شاپنگ سینٹرکے گراؤنڈ فلور پر دکانوں میں لگنے والی آگ رہائشی فلیٹوں تک پہنچ گئی‘آگ فوم کے گدوں کی دکان میں لگی جس نے دیگردکانوں کو بھی لپیٹ میں لےلیاجبکہ شعلے عمارت کی بالائی رہائشی منزلوں تک پہنچ گئے ‘آگ لگنے سے بھگدڑمچ گئی ‘لوگ جانیں بچانے کیلئے دیوانہ وار عمارت سے نکلنے لگے ‘اطلاع ملنے پر پولیس ،رینجرز، ریسکیوعملےاور فائر بریگیڈ کے 12 فائر ٹینڈرز، 2 اسنارکل اور ایک باؤزر نے موقع پر پہنچ کرآگ بجھانے کا عمل شروع کیا۔
ایک عینی شاہد دکاندار نے جنگ کو بتایا کہ دکان میں گیس سلنڈر لیک ہوا ، جس سے آگ لگ گئی اور سلینڈردھماکے سے پھٹ گیااور آگ پھیلتی ہوئی فرنیچر کی اور فوم کے گدوں تک پہنچ کر مزید بھڑک اٹھی،متاثرہ عمارت میں 250 سے زائد دکانیں اور تقریباً 450 رہائشی فلیٹ ہیں،ریسکیو 1122 نے آگ کو تیسرے درجےکی قرار دیاہے ۔
ریسکیو حکام کا کہناہے کہ ابتدائی طورپر عمارت میں پھنسے ہوئے 300 سے زائد افراد کو نکالا گیا ہے، اور خدشہ ہےکہ متاثرہ عمارت کسی بھی وقت گرسکتی ہے۔ دریں اثناءایس بی سی اے کی 4 رکنی ٹیم آگ سے متاثرہ مقام پرپہنچ گئی.
ترجمان ایس بی سی اےکے مطابق آگ پر مکمل قابو پانے کے بعد ایس بی سی اے کی ٹیکنیکل ٹیم عمارت کا جائزہ لےگی، مکمل جانچ پڑتال کے بعد ہی بتایا جاسکے گا کہ عمارت قابل استعمال ہے یا نہیں۔ادھرآگ لگنے کے بعد مال کے اوپر رہائشی عمارت سے نکالے گئے کچھ لوگ اپنے عزیز ا وقارب کے گھر منتقل ہوگئے۔
آگ پر6 گھنٹوں سے زائد جدو جہد کےبعد قابو پا کر کولنگ کا عمل شروع کردیا گیا ۔ آگ کے نتیجےمیں دو درجن سے زائد موٹر سائکلیں اورایک کار بھی جل کر خاکستر ہوگئی،جبکہ عمارت بھی شدید نقصان پہنچا ہے ۔