• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف، چوہدری شجاعت ملاقات: چوہدری سرور کی شرکت نہ کرنے کی وجہ سامنے آگئی

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت کی گزشتہ روز ہونے والی ملاقات میں چوہدری سرور کے شریک نہ ہونے کی وجہ سامنے آگئی ہے۔

ایڈیشنل سیکریٹری انفارمیشن مسلم لیگ ق حمزہ کرامت کا کہنا ہے کہ سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور ذاتی مصروفیات کے باعث گزشتہ روز ہونے والی ملاقات میں شریک نہیں ہوئے۔

 حمزہ کرامت  نے کہا کہ چوہدری سرور کی ق لیگ چھوڑنے کی خبروں میں صداقت نہیں ہے، چوہدری شجاعت اور چوہدری سرور ایک پیج پر ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز نواز شریف تقریباً 15سال بعد چوہدری شجاعت سے ملنے ان کی رہائش گاہ پہنچے جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان ڈیڑھ گھنٹے تک ملاقات ہوئی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ شہباز شریف، مریم نواز، رانا ثناء اللّٰہ، ایاز صادق اور اعظم نذیر تارڑ موجود تھے جبکہ چوہدری شجاعت حسین کی طرف سے ملاقات میں چوہدری سالک حسین، چوہدری شافع حسین، چوہدری وجاہت اور طارق بشیر چیمہ شریک تھے۔

نواز شریف اور چوہدری شجاعت حسین کے درمیان ملاقات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ اور آئندہ انتخابات سے متعلق مشاورت کی گئی جبکہ اس دوران چوہدری شجاعت نے مطالبہ کیا کہ جن سیٹوں سے ہمارے لوگ جیتے تھے نہ صرف وہ ہمیں دی جائیں بلکہ گجرات، سیالکوٹ، منڈی بہاؤ الدین اور حافظ آباد میں بھی سیٹیں دی جائیں۔

قومی خبریں سے مزید