کراچی( ڈاکٹر سہیل محمود مہر) غزہ پر اسرائیل کی مسلط کردہ جنگ کے پس منظر میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے آرٹیکل 99کا استعمال ایسی چیز ہے جو شاذ ونادر ہی استعمال ہوتی ہے۔ اقوام متحدہ کی تاریخ میں اس شق کا حوالہ چار مرتبہ دیتے ہوئے مختلف سیکریٹری جنرلز نے اپنے عہد کے تشویشناک معاملات پر سلامتی کونسل کو مداخلت کی دعوت دی ہے۔ ان میں سے پہلا 1960 میں کانگو کے حوالے سے ہوا جب اقوا م متحدہ کے سیکریٹری جنرل ہامر سکولڈ نےاقوام متحدہ سے فوجی مدد فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔ دسمبر 1971میں ایک مرتبہ پھر اس وقت اس کا استعمال کیا گیا جب سیکریٹری جنرل تھانٹ نے مشرقی پاکستان میں جاری جنگ رکوانے کےلیے مداخلت کا مطالبہ کیا تھا۔ دسمبر 1979 میں ایران میں انقلاب کے بعد امریکی سفارتخانے میں موجود 52 افراد کو ایرانیوں نے قید کرلیا تو اس وقت کے آسٹریا کے ڈپلومیٹ کرٹ والڈہائیم نے اسی شق کو استعمال کرتے ہوئے سلامتی کونسل سے مداخلت کےلیے کہا ۔ اگست 1989 میں لبنان میں جاری خانہ جنگی کےامتناع کےلیے اس وقت کے سیکرٹری جنرل ہاویئر پیریز ڈکوکلار نے اسے استعمال کیا تھا۔ 1989کے بعد سے اب تک اس کا استعمال نہ ہونا واضح کرتا ہے کہ اس کی محض سفارتی اور علامتی اہمیت ہے۔