سیالکوٹ (نمائندہ جنگ ) سیالکوٹ ٹینری زون میں الاٹ شدہ100 پلا ٹ کی الاٹمنٹ عدم ادائیگی واجبات پر منسوخ کر دی گئی ۔ٹینری زون سیالکوٹ میں کل الاٹ شد ہ 550 پلاٹ مالکان میں 100کے قریب پلاٹ کی منسوخی سے مقامی صنعت کاروں میں مایوسی اور بے چینی پیدا ہوگئی۔رابط پر ٹینری زون آفس کے آفیسر نے بتایا کہ ان پلاٹس کی منسوخی کی وجہ مقرر وقت میں ترقیاتی واجبات کی ادائیگی کئی سال سے نہ کرنا ہے حالانکہ مالکان کو بار بار یا د دہانی کروائی گئی۔انہوں نے مزید بتایا کہ بورڈ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جرمانے اور واجب الاد واجبات کی وصولی کے بعد پلاٹس کی دوبار الاٹ منٹ کردی جائے گی اور اگر پھر بھی ادائیگی نہ ہوئی تو قرعہ اندازی کے ذریعے پلاٹ دوسرے افراد کو دئیے جائیں گے ۔ دوسری جانب متاثرین کا کہنا ہے اس پر اجیکٹ میں تاخیر کی دیگر وجوہات کے علاوہ ایک بڑی وجہ نان پروفیشنل افراد کو اہم ذمہ داریاں سوپنا ہے جو پلاٹ اپنے منظور نظر افراد کو دینا چاہتے ہیں جو سراسرزیادتی ہے۔