• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

ڈیلس: سندھ کی تہذیب و ثقافت کو زندہ رکھنے کے لیے جہاں کئی برسوں سے سندھ میں سندھی ٹوپی اور اجرک ڈے منانے کا سلسلہ شروع کیا گیا وہاں اب یہ دن امریکا سمیت دنیا بھر میں منایا جارہا ہے۔

سندھی ثقافت کی یکجہتی کے دن کو منانے کیلئے یہاں سندھی رہنماؤں معظم بھنگر، عامر میمن، شفیع خواجہ، غلام نبی کلوڑ،امتیاز پیرزادہ اور دیگر نے اس تقریب کے انتظامات کیے۔

ڈیلس میں اس دن میں خصوصی شرکت کیلئے ہیوسٹن اور ڈیلس میں رہنے والے کمیونٹی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر آنے والے مہمانوں کی تواضع پرتکلف کھانوں سے کی گئی جبکہ حاضرین نے سندھی موسیقی پر روایتی رقص کیا، تقریب میں سندھ سے متعلق معلوماتی کوئز پروگرام سمیت دیگر سرگرمیاں بھی کی گئیں جس کا مقصد نوجوان نسل کو سندھ سے تاریخ کی آگاہی تھی۔

تقریب میں آرگنائزر معظم بھنگر اور سندھی ایسوسی ایشن نارتھ امریکہ کے مرکزی نائب صدر اصغر پٹھان کرم دین ڈاہری اور دیگر کا کہنا تھا کہ ہم اس بات پر فخر محسوس کرتے ہیں کہ امریکہ میں بھی ہم یہ دن منارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گھر سے دور اپنا یہ ایک گھر ہے کمیونٹی ساتھ ہے ہم ثقافت کو زندہ رکھ رہے ہیں اور آنے والی نسلوں کو بھی بتا رہے ہیں کہ کس طرح اپنی ثقافت کو زندہ رکھنا ہوگا۔

اس تقریب میں پاکستان کے دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں نے بھی شرکت کی جنہوں نے تقریب میں ثقافتی رنگوں کی بہار سے بھرپور انجوائے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ہم سندھی کلچر کو منارہے ہوتے ہیں تو پورے برصضیر کے کلچر کو منارہے ہوتے ہیں۔

انکا مزید کہنا تھا کہ ہمارے یہاں آنے کا مقصد پاکستان کا اتحاد اور یکجہتی ہے۔ تقریب میں کینیڈا سے آئے سندھی گلوکار سلمان مخدوم نے صوفی اور سندھی گیتوں پر بھرپور پرفارمنس دیکر حاضرین کو بے اختیار جھومنے اور ناچنے پر مجبور کردیا۔

تقریب کا اختتام سندھ کے روایتی گیت ہو جمالو پر ہوا جس میں مرد و خواتین نے بھرپور رقص کیا۔

قومی خبریں سے مزید