• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چائنا چیمبر اور پاکستان ٹیکسٹائل میں معاہدے پر دستخط

نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز کا پاکستانی کاروباری وفد کے ہمراہ دورۂ چین کے دوران لیا گیا گروپ فوٹو
نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز کا پاکستانی کاروباری وفد کے ہمراہ دورۂ چین کے دوران لیا گیا گروپ فوٹو

نگراں وزیرِ تجارت گوہر اعجاز کا کہنا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ کے بی آر آئی وژن کو آگے بڑھایا جا رہا ہے، دونوں ممالک کے کاروباری افراد کو ایک ساتھ بٹھایا ہے۔

نگراں وزیرِ تجارت گوہر اعجاز نے پاکستانی کاروباری وفد کے ہمراہ دورۂ چین کے دوران چائنا چیمبر آف کامرس (سی سی سی ایم ای) اور آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اے پی ٹی ایم اے) کے درمیان معاہدے پر دستخط کیے۔

حکام وزارتِ تجارت کا کہنا ہے کہ وزیرِ تجارت نے چائنہ پاکستان ٹیکسٹائل سمٹ میں شرکت کی، اس دوران ٹیکسٹائل سمیت دیگر شعبوں میں جوائنٹ وینچرز شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

حکام کے مطابق چینی صنعت کار پاکستان سے تجارت بڑھائیں گے، پاکستانی وفد اور چینی صنعت کاروں کے درمیان بزنس ٹو بزنس میٹنگز کا انعقاد کیا گیا۔

گوہر اعجاز کا کہنا ہے کہ صدر شی جن پنگ کے بی آر آئی وژن کو آگے بڑھایا جا رہا ہے، چینی صدر نے پاکستان کو سی پیک کا منفرد تحفہ دیا ہے، دونوں ممالک کے کاروباری افراد کو ایک ساتھ بٹھایا ہے۔

نگراں وزیرِ تجارت کا کہنا ہے کہ چین اور پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت 350 ارب ڈالرز پر مشتمل ہے، چین کی ٹیکنالوجی پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز میں منتقل کی جائے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ چینی سرمایہ کار پاکستان سے برآمدات بڑھا کر جی ایس پی پلس کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور چینی ایکسپورٹرز پاکستان سے جی سی سی اور افریقا کو ایکسپورٹ کرسکتے ہیں۔

تجارتی خبریں سے مزید