• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خوشخبری یہ ہے کہ خاور مانیکا صاحب کے بھائی بھی جاگ اٹھے ہیں۔ انہیں بھی اب میدان میں اتارا گیا ہے۔ احمد رضا مانیکا نے فرمایا: خاور مانیکا نے اس شادی پر اتنے سال اس لیے ردّعمل نہیں دیا کہ اس وقت وہ بشریٰ بی بی کے عملیات کے زیرِ اثر تھے۔ کہا:آج کل جیسے عمران خان زیرِ اثر ہیں۔ کیا عمران خان کو جادو ٹونے سے قابو کیا گیا؟ مانیکا برادران کا اصرار ہے کہ بشریٰ بی بی کو مانیکا نہ پکارا جائے۔ مانیکا خاندان تو بڑا باعزت اور بڑا با غیرت خاندان ہے۔

احمد مانیکا صاحب فرماتے ہیں کہ بشریٰ بغیر نقاب و بغیر نکاح عمران خان سے ملا کرتی تھیں۔ حقیقت یہ ہے کہ پردہ وہ کرتی ہی نہیں تھیں۔ بشریٰ بی بی اگر برقع لیتیں تو جس کلاس سے ان کا تعلق تھا، وہ ان کے پاس دم درود کیلئے کبھی نہ آتی۔ خاور مانیکا صاحب خوش تھے کہ عمران خان سے تعلقات بن رہے ہیں۔ بعض مرد جب بے حد بدنام ہو جاتے ہیں تو یہ ظاہر کرنے کیلئے کہ ہم اب بدل گئے ہیں، داڑھی رکھ لیتے ہیں۔ یہی معاملہ بعض خواتین کا ہے۔ بشریٰ بی بی اتنی طرار تھیں کہ پہلی بار جب عدالت میں پیش ہوئیں تو سڑک پہ لوگوں کو سفید قناتیں پکڑا کے کھڑا کر دیا ۔ اس سے آپ حساب لگائیں۔ پنکی کا لفظ از خود کئی چیزوں کی وضاحت کر رہا ہے۔ عمران خان اس لحاظ سے نہایت بھولے ہیں کہ ان سے دین کے نام پہ جو مرضی کر والو۔ وہ اس پہ عمل کر کے مطمئن ہو جائینگے کہ ہمارا کام ہو جائے گا۔ بشریٰ بی بی تو حیرت اور خوشی سے پاگل ہو گئی ہو ںگی کہ عمران خان شادی پہ رضامند ہوگیا۔ درحقیقت ہمارے سارے ہی حکمران پیروں کے پاس جاتے ہیں۔ سب عملیات کرتے ہیں۔

حقیقت یہ ہے کہ بادشاہی اللّٰہ نے جسے دینا ہوتی ہے، اسے وہ دے دیتا ہے اور جو اپنے جھوٹ کے جال میں معصوم لوگوں کو پھانستا ہے، وہ ذلیل ہو کر رہ جاتا ہے۔ آپ شرط لگا لیں کہ عمران خان اس سارے معاملے میں سے مکھن سے بال کی طرح نکل جائے گا۔ وجہ یہ ہے کہ عمران خان اس معاملے میں پر خلوص تھا۔ وہ اپنی طرف سے نکاح کر رہا تھا ، وظائف کر رہا تھا، خدا کو پکار رہا تھا کہ اسے اقتدار ملے تو وہ ملک کا بھلا کرے۔ نہ اسے دولت کا لالچ تھا اور نہ ہی دنیا میں رشتوں کی کوئی کمی اس وقت تھی اور نہ اب ہے۔

آپ کو یاد ہوگا کہ عمران خان سے ایک مزار کو سجدہ کرایا گیا تھا، جسے ردّعمل کے بعد دہلیز چومنا قرار دیا گیا تھا۔ یہ خاندان سڑکوں پہ سجدوں اور عجیب قسم کے عملیات میں مشغول رہتا ہے۔ بہرحال، اب پانچ سال بعد آپ کی حمیت جاگی تو کیا جاگی۔ عمران خان کے مخالفین کا خیال یہ تھا کہ کرپٹ بشریٰ بی بی عمران خان کی زندگی کا وہ کمزور باب ہے، جس کی وجہ سے عمران خان کو جب چاہے سیدھا کیا جا سکتا ہے۔ دوسری طرف عمران خان جب اپنی طرف سے کوئی جرم کر ہی نہیں رہا تھا بلکہ نیکی کا کام کر رہا تھا تو وہ کیوں بلیک میل ہوتا ۔ وہ تو بشریٰ بی بی کو ایک انتہائی نیک ہستی سمجھ رہا تھا۔ جب بشریٰ بی بی کے کرپٹ ہونے کی بات عمران خان سے کی گئی تو وہ ڈرنے کی بجائے الٹا مشتعل ہو گیا۔

عمران خان کی نظر میں بشریٰ اگر اچھی عورت نہ ہوتی تو وہ اس سے شادی کیوں کرتا۔ اب اہم بات پر آئیے۔ خاور مانیکا صاحب اس شادی پر اس وقت عمران خان کی تعریفیں کیوں کرتے رہے۔ اب کیوں غصے میں ہیں۔ احمد رضا مانیکا نے ارشا د فرمایا کہ اس وقت خاور مانیکا بشریٰ کے عملیات کے زیرِ اثر تھا۔ پھر فرمایا: آج کل خان صاحب انہی عملیات کے زیرِ اثر ہیں۔ سو فیصد جھوٹ۔ جادو سے اگر کسی کو ایسے کنٹرول کیا جا سکتا تو بشریٰ بی بی ججوں کوکیوں زیرِ اثر نہیں لے آتیں۔

یہ سراسر جھوٹ ہے کہ کسی کے دماغ کو اس طرح کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ دوسری طرف وہ شخص عدالتوں میں اپنے کیسز لڑ رہا ہو اور ورزش کیلئے سائیکل مانگ رہا ہو۔ باقی دنیا کے تمام معاملات میں ا س کا دماغ کام کر رہا ہو۔ بھارت میں سب سے زیادہ جادو ٹونا ہوتاہے۔ اس طرح تو پاکستان کبھی جیتے ہی نہیں۔ معاملات سارے اللّٰہ کے ہاتھ میں ہیں۔ زمین و آسمان میں ایک پتہ بھی اس کی مرضی کے بغیر نہیں ہلتا۔

نریندر مودی کی الف ننگے جوتشیوں کے ہمراہ تصاویر موجود ہیں۔ بھارت پر سکھ رہنمائوں کو قتل کرانے کے حوالے سے آج کتنا پریشر ہے۔ صدر جو بائیڈن نے اپنا دورۂ بھارت منسوخ کر دیا۔ تووہ جادو ٹونے کے ذریعے جوبائیڈن کا ذہن بدل لیں۔ یہ سب ضعیف الاعتقادی ہے اور کچھ نہیں ۔پاکستان کا سارا معاشرہ جادو ٹونے پہ یقین رکھتاہے۔ جو کام اللّٰہ کی طرف سے بگڑتے ہیں، انہیں جادو ٹونے پہ ڈال دیا جاتا ہے۔

مانیکا برادران چاہتے ہیں کہ بشریٰ کو مانیکا نہ کہا جائے۔ کہا :بشریٰ مانیکا فیملی کی نہیں ہے۔ ہمارے بھائی کی شادی خاندان سے باہر ہوئی تھی۔ مانیکا خاندان کل تک تو بشریٰ سے فائدے اٹھا رہا تھا۔ اب کیسے اسے مانیکا خاندان سے نہ جوڑا جائے ۔ کچھ لوگوں کی حمیت اسی وقت انگڑائی لیتی ہے ، جب ایک پوری فوج اس پہ حملہ کرے ۔ خاورمانیکا نے بھی یہ بات کی تھی کہ عمران خان نے پیری مریدی کی آڑ میں میری بیوی کو بہکا لیا۔کیسا لطیفہ ہے۔ پیری مریدی میں یہ تو ہوتاہے کہ پیر بہکا لے مرید کو۔ کیا کبھی ایسا بھی کسی نے سنا ہے کہ مرید اپنے پیر کو بہکا لے؟

تازہ ترین