کراچی (اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ زندہ قومیں اپنا تاریخی ورثہ آنے والی نسلوں کیلئے برقرار رکھتی ہیں، کراچی کی تاریخی عمارتوں کو ان کی اصل حالت میں رکھنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں،ان کے ڈیزائن، اسٹرکچر اور ایلیویشن میں تبدیلی نہیں کی جاسکتی، جو عمارتیں کے ایم سی کی ملکیت ہیں ان کی حفاظت اور تزئین و آرائش کا انتظام کررہے ہیں، ڈینسو ہال میں لائبریری کیساتھ ساتھ کراچی میوزیم بھی قائم کیا جائے گا۔ وہ یہاں ایم اے جناح روڈ پر واقع کراچی کی تاریخی عمارت خالق دینا ہال اور ڈینسو ہال کا دورہ کررہے تھے۔ میئر نے کہا کہ یہاں کے تاریخی ورثے کی حفاظت انتظامیہ کی ذمے داری ہے، ڈینسو ہال میں کراچی میوزیم کے قیام سے متعلق کے ایم سی کونسل نے قرارداد منظور کرلی ہے،اس میوزیم میں کراچی کی تاریخ، تہذیب اور ثقافت سے متعلق نادر اشیاء، نقشے اور تصاویر رکھی جائیں گی۔ انہوں نے خالق دینا ہال کے کمروں میں لوہے کے حفاظتی دروازے لگانے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے انہیں فوری ہٹانے کی ہدایت کی۔