سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ مقدمات ہی نہیں مقدمات بنانے والے بھی جھوٹے نکلے۔
لاہور میں پارٹی رہنماؤں سے الگ الگ ملاقاتوں میں شہباز شریف نے انتخابات کی بھرپور تیاری کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف سے ملاقات کرنے والوں میں سردار ایاز صادق، ملک محمد احمد خان بھی شامل تھے۔ اس دوران پارٹی امور اور عام انتخابات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر پارٹی رہنماؤں نے شہباز شریف کو سیاسی انتقام پر مبنی مقدمات سے نواز شریف کی بریت پر انہیں مبارکباد دی۔
اس پر ن لیگی صدر نے کہا کہ اب ہم قوم کو مہنگائی، بیروزگاری اور معاشی بدحالی کی سزاؤں سے بریت دلائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کو سزائیں سنا کر قوم اور ملک کو سزا دی گئی، مقدمات ہی نہیں، مقدمات بنانے والے بھی جھوٹے نکلے۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ قوم کی ترقی پر پوری توجہ اور صلاحیتیں مرکوز کریں گے، 16 ماہ میں ہمارے مشکل فیصلوں سے معیشت بہتر ہو رہی ہے۔