• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: واٹس ایپ میسیج سے نوجوان کا اغواء کا ڈرامہ بے نقاب

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

نوجوان نے موٹر سائکل ٹھیک کروانے کے لیے اپنے اغواء کا ڈرامہ گھڑ لیا لیکن واٹس ایپ میسیج نے سارا راز کھول دیا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارتی شہر ممبئی سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ نوجوان کو اپنی موٹر سائیکل ٹھیک کروانے کے لیے 30 ہزار بھارتی روپے کی ضرورت پیش آئی تو اس نے اپنے ہی اغواء کی جھوٹی کہانی گھڑ لی۔

میڈیا کی رپورٹس کے مطابق انکت نامی نوجوان لڑکے نے 30 ہزار روپے بطور تاوان وصول کرنے کے لیے اپنے والد کو واٹس ایپ پر میسیج کیا اور تقاضہ کیا کہ کیو آر کوڈ اسکین کر کے تاوان کی رقم فوری ادا کی جائے۔

نوجوان کو اس بات کا علم نہیں تھا کہ اس کے گھر نہ لوٹنے اور موبائل فون بند ہونے کی صورت میں والد نے پہلے ہی پولیس سے رابطہ کر لیا ہے۔

والیو علاقے کے پولیس اسٹیشن کی ٹیم نے اس سلسلے میں 4 ٹیمیں تشکیل دیں جنہوں نے 2 گھنٹے میں ہی خود کو اغواء کرنے والے نوجوان کو ڈھونڈ نکالا۔

پولیس کے مطابق انکت نامی نوجوان جمعے کو جب گھر واپس نہ آیا تو اس کے والد نے رپورٹ درج کروائی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ہفتے کی صبح انکت کے چچا کو 3 افراد کے ذریعے اغواء کی اطلاع دی گئی۔

پھر اس کے والد کے واٹس ایپ پر کیو آر کوڈ اسکین کر کے 30 ہزار روپے کی رقم کا مطالبہ کیا گیا اور رقم کی عدم ادائیگی پر انکت کو نقصان پہنچانے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔

پولیس کے مطابق چونکہ نوجوان کے گھر چھوڑنے کی کوئی وجہ سامنے نہیں آئی تھی اس لیے ابتداً شک ہوا کہ یہ معاملہ حقیقی اغواء کا ہے تاہم تفتیش کے دوران اغواء کے ڈرامے کا انکشاف ہو گیا۔

دلچسپ و عجیب سے مزید