مسلم لیگ (ق) کے صدر اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے الیکشن سے فرار کی تمام سازشیں دم توڑ گئیں۔
چوہدری شجاعت حسین کی زیر صدارت لاہور میں ہونے والے اجلاس میں ق لیگ سندھ کے عہدیداروں نے شرکت کی اور پارٹی امیدواروں کو فائنل کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع ق لیگی صدر نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے الیکشن سے فرار کی تمام سازشیں دم توڑ گئیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا سیاسی اور معاشی مستقبل عام انتخابات سے وابستہ ہے۔ آزاد، منصفانہ اور قابل اعتماد انتخابات انتہائی ضروری ہیں۔
چوہدری شجاعت حسین نے یہ بھی کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ انتخابات میں بھرپور حصہ لے کر عوام کی ترجمانی کرے گی، عوام کو اپنے مستقبل کےلیے روایتی سیاستدانوں کے بجائے شعور کو ووٹ دینا ہوگا۔