کراچی میں جاری پریذیڈینٹ ٹرافی کے دوسرے راؤنڈ کے دوسرے روز سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) اور واپڈا نے اننگز کا ایک ایک پوائنٹ حاصل کرلیا۔
ایس این جی پی ایل نے پی ٹی وی کے خلاف 424 کی اننگز کھیلی، واپڈا نے ہائر ایجوکیشن کے خلاف 391 رنز بنائے۔
یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس پر ہونے والے میچ میں ایس این جی پی ایل نے پی ٹی وی کے خلاف عابد علی کے 121 اور عمیر بن یوسف کے 120 رنز کی بدولت پہلی اننگز کے مقررہ 80 اوورز میں 7 وکٹ پر 424 رنز بناکر بیٹنگ بونس پوائنٹ کے ساتھ ساتھ 3 مزید پوائنٹس سمیٹے، پی ٹی وی نے دوسری اننگز میں 66 رنز بنالیے۔
نیشنل اسٹیڈیم پر کھیلے جارہے میچ میں واپڈا نے بھی ہائر ایجوکیشن کے خلاف 4 وکٹ کے نقصان پر 391 رنز کے ساتھ 4 بیٹنگ پوائنٹس اپنے نام کئے۔
افتخار احمد 123 اور محمد سعد 102 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، کھیل کے اختتام تک ایچ ای سی نے دوسری اننگز میں 2 وکٹ پر 111 رنز بنالیے۔
اسٹیٹ بینک پر کے آر ایل نے غنی گلاس کے خلاف معاذ صداقت کے 84 اور علی زریاب کے 65 رنز کے ذریعے پہلی اننگز میں 8 وکٹ پر 320 رنز کا اسکور بورڈ پر سجایا، نیاز خان نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔