کراچی (آئی این پی ) سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں غیرقانونی طور پر تعمیر کی جانے والی عمارتوں کو گیس، بجلی اور پانی کے کنکشن نہ دینے کا حکم دے دیا۔عدالت میں وکیل ایس بی سی اے نے موقف اختیار کیا کہ آگرہ تاج کالونی میں 9 منزلہ غیرقانونی عمارت تعمیر کرنے والے بلڈر کیخلاف مقدمہ درج ہوگیا ہے۔ سندھ ہائیکورٹ میں غیرقانونی تعمیرشدہ عمارتوں کو بجلی، پانی اور گیس کے کنکشنز دینے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ دوران سماعت عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کہاں ہیں کے الیکٹرک، سوئی گیس اور واٹر کارپوریشن کے سی ای اوز؟ جس پر کے الیکٹرک کے وکیل نے کہا کہ مونس علوی گزشتہ روز عمرہ ادائیگی کیلئے چلے گئے ہیں، مکانات کی تعمیر کے وقت عارضی کنکشن دیا جاتا ہے جو ایک سال تک رہتا ہے۔ کے الیکٹرک کے وکیل نے مزید کہا کہ ہم کارروائی کرنے جاتے ہیں لیکن لیاری جیسے علاقوں میں ٹیم پر حملے ہوتے ہیں، اب کسی عمارت کو بلڈنگ پلان کی منظوری کے بغیر کنکشن نہیں دیا جائے گا۔