ٹنڈومحمدخان (نامہ نگار/اے پی پی) پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنماء آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ لاڈلا عوامی سوچ سے ہٹ کر اپنے چوتھی بار وزیراعظم بننے کے خواب دیکھ رہا ہےجسے ملک کے باشعور عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے ختم کریں گے۔ملک کے عوام لاڈلے کو اپنے ووٹ کے ذریعے شکست دیں گے، پیپلزپارٹی کے علاوہ کسی جماعت نے عوام کے سامنے اپنا منشور تک پیش نہیں کیا،ملک کے باشعور عوام پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں اور بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم دیکھنا چاہتےہیں، 8فروری کی رات لاڈلے کے سوگ کا دن ثابت ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈومحمدخان میں عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔قبل ازیں شہید رانی محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی لخت جگر آصفہ بھٹو زرداری کی پہلی بار ٹنڈومحمدخان پہنچنے پر ہزاروں مرد، خواتین و بچوں نے عظیم الشان استقبال کیا۔اس موقع پر پورا علاقہ وزیر اعظم بلاول بھٹو زرداری کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا، آصفہ بھٹو زرداری نے اپنے خطاب کے دوران مزید کہا کہ شہید جمہوریت کے لخت جگر بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی منشور میں عوام کی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھا ہے، آج تک پیپلزپارٹی کے سوا کوئی جماعت اپنا منشور تک پیش نہیں کرسکی ہے۔