اقوام متحدہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے ہونے والے اسرائیلی حملوں کے بعد سے اب تک 20 ہزار بچے پیدا ہوئے ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں ہزاروں بچے ایسے حالات میں پیدا ہوئے ہیں جو ناقابل یقین ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق یونیسیف کی ترجمان ٹیس انگرام نے غزہ کی پٹی کے حالیہ دورے کے بعد بتایا کہ مائیں خون بہنے کی وجہ سے موت کے منہ میں جا رہی ہیں۔
ٹیس انگرام نے عمان سے ویڈیو لنک کے ذریعے جنیوا میں صحافیوں کو بتایا کہ اس ہولناک جارحیت کے دوران ہر 10 منٹ میں ایک بچہ دنیا میں آ رہا ہے۔ ماں بننا خوشی کا وقت ہوتا ہے لیکن غزہ میں پیدا ہونے والا بچہ جہنم میں آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوزائیدہ بچے تکلیف میں ہیں، برے حالات میں موجود خواتین سے میری ملاقات دل شکن تھی۔
ٹیس انگرام کا کہنا تھا کہ ماؤں کو بچے کی پیدائش سے پہلے، دوران اور بعد میں مناسب طبی دیکھ بھال، غذائیت اور تحفظ تک رسائی میں ناقابلِ تصور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
علاوہ ازیں غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملوں میں شہداء کی تعداد 24 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔