• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصطفیٰ کمال کا پیپلز پارٹی سے 15 برس کے ظلم کا حساب لینے کا اعلان

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سینئر رہنما مصطفیٰ کمال نے پیپلز پارٹی سے 15 برس کے ظلم کا حساب لینے کا اعلان کردیا۔

باغ جناح کراچی میں جلسے سے خطاب میں مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آپ نے پیپلز پارٹی کی 22 ہزار ارب کی انویسٹمنٹ کو دفن کردیا۔

انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے یہ شہر دوبارہ ایم کیو ایم کے نمائندوں کے ہاتھوں بنایا جائے گا، یہ شہر نکلے گا اور پتنگ کو کامیاب کرے گا۔

ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ جسے بھی وزیراعظم بننے کےلیے متحدہ قومی موومنٹ کی حمایت چاہیے وہ ہماری تجویز کردہ 3 آئینی ترامیم کروائے۔

اُن کا کہنا تھا کہ 15 دن کےلیے یہاں موجود سب کارکن بن جائیں اور اپنے اپنے گھروں میں پارٹی دفاتر کھول لیں۔

مصطفیٰ کمال نے یہ بھی کہا کہ اپنے خاندان اور احباب کے ساتھ مل کر الیکشن مہم کا حصہ بن جائیں، ہم اس بار کراچی اور سندھ میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی پی سے 15 برس کے ظلم کا حساب لیں گے، بلاول بھٹو زرداری کی سندھ حکومت کو بھی فارغ کریں گے۔

ایم کیو ایم کے سینئر رہنما نے کہا کہ پی پی چیئرمین کہتے ہیں بلاول ہاؤس میں بھی پانی ٹینکر سے آتا ہے، شرم کرو، اگر ایسا ہے تو سوال کرو اپنے وزیراعلیٰ سے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سسٹم اور کرپشن کے نام پر پینے کا پانی چوری کر کے ٹینکروں سے بیچا جاتا ہے، 15 برس کی ناقص کارگردگی کے بعد لندن کے بائیکاٹ کو ہوا دی جارہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید