برسلز میں جاری اجلاس کے دوران اسرائیلی وزیر خارجہ کی مسئلہ فلسطین کے حل کےلیے انوکھی منطق پر اجلاس میں شریک وزرائے خارجہ نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر خارجہ نے فلسطینیوں کےلیے بحیرہ روم میں جزیرہ بنانے کی پیشکش کی۔
عرب میڈیا نے دعویٰ کیا کہ اجلاس میں شریک وزرائے خارجہ نے اس تجویز پر اظہار برہمی کرتے ہوئے اسرائیل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور عرب وزرائے خارجہ کا اجلاس برسلز میں منعقد ہو رہا ہے۔ اجلاس میں یورپی یونین فریقین کے درمیان جامع امن کی جانب ممکنہ اقدامات پر غور کر رہی ہے۔
فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی نے اسرائیلی ہم منصب کی تجویز پر تبصرہ کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ہم اپنی سرزمین سے ہرگز دستبردار نہیں ہوں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جزیرہ بنانے کی پیشکش کرنے والے خود جا کر جزیرے میں بس جائیں۔
فلسطینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یورپی ممالک کے وزرائے خارجہ نے اسرائیلی تجویز کو بھونڈا مذاق قرار دیا ہے۔