سیالکوٹ (نمائندہ جنگ ) سرکاری ملازمین نے عید اپنے آبائی گھر گزارنے کے لئے رخت سفر باندھ لیا۔ سیالکوٹ میں تعینات زیادہ تر افسران اور اہلکاروں نے سوموار کے دن کی چھٹی حا صل کرلی تاکہ وہ آخری تین روزے گھر رکھنے کے ساتھ عید ماں باپ اور بہن بھائیوں کے ساتھ منا سکیں۔وفاقی اداروں میں چونکہ ہفتہ کے دن چھٹی ہوتی ہے اس لئے وفاقی محکمہ جات کے اہلکاروں نے سوموار کی چھٹی حاصل کرلی ہے جبکہ صوبائی محکموں کے ملازمین نے بھی سوموار کی چھٹی اپنے افسران سے منظور کروالی ہے۔ دوسری جانب ٹرانسپورٹ والوں نے بھی کرایوں میں اضافہ کرلیاہے اور عیدی کے نام پر وہ مسافروں سے بھی زیادہ کرایہ وصول کر رہے ہیں۔