• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
--- فائل فوٹو
--- فائل فوٹو

 8 فروری کو تمام سیاسی جماعتوں کے 6 ہزار سے زائد اور ساڑھے 11 ہزار سے زائد آزاد امیدوار 366 قومی اور 749 صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے آمنے سامنے ہوں گے۔

ان امیدواروں کا انتخاب 12 کروڑ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز کریں گے تو آیئے ایسے تمام اہل ووٹرز کی رہنمائی کرتے ہیں کہ وہ اپنے حق رائے دہی کا درست طریقے سے کیسے استعمال کرسکتے ہیں تاکہ ان کا قیمتی ووٹ ضائع ہونے سے بچ جائے۔

درج ذیل میں آپ کو اپنا ووٹ رجسٹرڈ کرنے سے لے کر درست طریقے سے ووٹ کاسٹ کرنے تک کے عمل کو تفصیل سے بیان کررہے ہیں تاکہ پرانے ووٹرز کے ساتھ ساتھ نئے ووٹرز  کو بھی انتخابات کے روز کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ ہو اور باآسانی اپنا قیمتی ووٹ ڈال کر ملک و قوم کی خدمت کرسکیں۔

کیا آپ ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں؟

پاکستان میں ووٹ ڈالنے کے لیے چند معیار مقرر کئے گئے۔ اگر آپ ان معیار پر پورا اُترتے ہیں تو آپ ووٹ ڈالنے کی اہیلت رکھتے ہیں۔

بطور ووٹر اندراج کے حقدار ہونے کے لیے ضروری ہے کہ آپ پاکستان کے شہری ہوں، آپ کی عمر 18سال یا اس سے زائد ہو، انتخابی فہرستوں کی تیاری، نظرثانی یا تصحیح کے لیے دعوؤں، اعتراضات اور درخواستوں کو مدعو کرنے کے لیے مقرر کردہ آخری تاریخ سے قبل قومی شناختی کارڈ جاری ہوچکا ہو اور کسی بھی مجاز عدالت کی طرف سے ناقص دماغ قرار نہ دیا گیا ہو۔

علاوہ ازیں الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 27 کے تحت انتخابی علاقے کا رہائشی ہو اور انتخابات کے وقت ملک میں موجود ہو۔

کیا بطور ووٹر رجسٹرڈ ہیں؟

اگر آپ مندرجہ بالا تمام شرائط پر پورا اُترتے ہیں تو آپ پاکستان میں ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔ تاہم پاکستان میں عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے اہلیت کے ساتھ ساتھ آپ کا بطور ووٹر رجسٹرڈ ہونا بھی ضروری ہے۔

ووٹرز کے اندراج کا عمل انتخابات سے قبل سال بھر کھلا رہتا ہے۔ تاہم، انتخابات کے شیڈول کا اعلان ہونے کے ساتھ ہی ووٹر لسٹیں منجمد ہو جاتی ہیں اور انتخابات کے انعقاد تک کوئی نئی رجسٹریشن نہیں ہو سکتی۔

اب اگر آپ پریشان ہیں کہ آپ رجسٹرڈ ووٹر ہیں یا نہیں تو آپ اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کر سکتے ہیں، جس سے آپ کو اہلیت اور اپنے پولنگ اسٹیشن وغیرہ کے بارے میں معلومات موصول ہو جائیں گی۔

ووٹنگ کا درست طریقہ کیا ہے؟
please wait while file is uploading on server


ووٹ کاسٹ کرنے کا طریقہ کار

اگر آپ حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہیں اور آپ کا ووٹ رجسٹرڈ بھی ہے تو آئیے ووٹ کاسٹ کرنے کا طریقہ جانتے ہیں۔

ووٹ ڈالنے کے لیے، آپ کو اپنے قومی شناختی کارڈ کی اصل کاپی کے ساتھ خود پولنگ اسٹیشن پر پیش ہونا ہوگا۔ یاد رکھیں، پولنگ عملہ کسی کو بھی اصل شناختی کارڈ کے بغیر ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دے گا۔

پولنگ بوتھ میں داخل ہونے کے بعد، پریزائیڈنگ آفیسر انتخابی فہرست میں آپ کا نام اور نمبر چیک کرے گا، اسے کال کرے گا، اور پھر اسے فہرست میں سے ہٹا کر اس بات کی نشاندہی کرے گا کہ آپ کو بیلٹ پیپر جاری کیا گیا ہے۔ چونکہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی دن ہوتے ہیں اس لیے آپ کو دو بیلٹ پیپرز (سبز اور سفید) فراہم کیے جائیں گے۔

بیلٹ پیپر کے عقب پر مہر لگائی جائے گی اور اس پر پریزائیڈنگ آفسر کے دستخط بھی ہوں گے۔ یاد رکھیں، اگر آپ کے ووٹ کے پیچھے مہر یا دستخط موجود نہیں ہیں تو اسے گنتی کے لیے اہل نہیں سمجھا جائے گا۔

پریزائیڈنگ آفیسر آپ کا ووٹر نمبر انتخابی فہرست میں اور شناختی کارڈ نمبر بیلٹ پیپر کے کاؤنٹرفول پر بھی درج کرے گا اور اس پر سرکاری نشان کے ساتھ مہر لگا کر اس پر دستخط کرے گا۔

اس کے بعد وہ ووٹر لسٹ میں آپ کے نام کے سامنے آپ کے انگوٹھے کے نشان کا اندراج کرے گا۔

یہ سب ہو جانے کے بعد آپ بیلٹ پیپرز پر نشان لگانے کے لیے یعنی اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے مخصوص جگہ پر جاسکتے ہیں۔ یاد رکھیں، لائنیں لمبی ہو سکتی ہیں، اس لیے دوسروں کا خیال رکھیں اور جلدی کرنے کی کوشش کریں۔

اگر کسی وجہ سے (بیلٹ پیپر پڑھنے میں دشواری، یا نشان پہچاننے میں مشکل کے باعث) آپ اپنا ووٹ خود کاسٹ کرنے سے قاصر ہیں تو پریزائیڈنگ آفیسر آپ کی مدد کرکے اس عمل کو پورا کرے گا۔

بیلٹ پیپرز پر مہر لگاتے ہوئے اس بات کا خیال رکھیں کہ آپ اپنے پسندیدہ کسی ایک امیدوار کا نام اور نشان پر ہی مہر لگائیں۔ آپ کی مہر کسی دو امیدواروں کے نام کے درمیان نہ لگی ہو، ایسی صورت میں آپ کا ووٹ ضائع ہوجائے گا۔

بیلٹ پیپرز پر مہر لگانے کے بعد کچھ دیر کے لیے انتظار کیجئے تاکہ سیاہی خشک ہوجائے، اس کے بعد اپنے بیلٹ پیپر کو لمبائی کی طرف فولڈ کریں تاکہ بیلٹ پیپر پر دوسرے امیدواروں کی جگہ پر سیاہی نہ پھیلے۔ بصورت دیگر، گنتی کے وقت آپ کا ووٹ مسترد کیا جا سکتا ہے۔

اس کے بعد سبز بیلٹ باکس میں سبز بیلٹ پیپر اور سفید بیلٹ باکس میں بیلٹ پیپرڈال دیں۔

اس کے بعد آپ کو کسی بھی ہاتھ کی کسی بھی انگلی یا انگوٹھے پر انمٹ سیاہی سے نشان لگایا جائے گا، یہ اس بات کی علامت ہے کہ آپ نے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا ہے۔

یاد رکھیں کہ جمہوریت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ ووٹ ڈالنے کے لیے گھر سے نکلیں اور انتخابات میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔

خاص رپورٹ سے مزید