پاکستان میں انتخابی میلہ سجنے میں اب بس کچھ دن باقی رہ گئے ہیں۔ 8 فروری کو تمام پاکستانی اپنا ووٹ کاسٹ کرکے، اپنی حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے اپنا منتخب نمائندہ قومی اسمبلی میں بھیجنے کےلیے پُرعزم ہیں۔
ذرا ٹھہریے کیا آپ نے یہ معلوم کیا ہے کہ پ کا ووٹ رجسٹرڈ ہے؟ کیا آپ اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہیں؟
اگر نہیں تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، ووٹ کی تصدیق کرنا بے حد آسان ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی ویب سائٹ کے مطابق ووٹنگ لسٹ میں اپنی رجسٹریشن چیک کرنے کے دو طریقے ہیں۔ مگر ہم آپ کی معلومات کے لیے آپ کو ایک تیسرا طریقہ بھی بتائیں گے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نادرا کے تعاون سے عوام کو ایس ایم ایس (SMS) سروس فراہم کررہا ہے جس کے ذریعے شہری اپنے ووٹ کی رجسٹریشن چیک کر سکتے ہیں۔
اس کے لیے آپ کو صرف اتنا کرنا ہے کہ 8300 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر لکھ کر ارسال کریں، آپ کے ووٹ سے متعلق تمام معلومات جیسے انتخابی علاقے کا نام، بلاک کوڈ اور سیریل نمبر وغیرہ بذریعہ ایس ایم ایس آپ کو فوری طور پر حاصل ہوجائیں گی۔
تمام شہری اپنے متعلقہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے دفتر سے اپنے ووٹ سے متلعق تفصیلات چیک کرسکتے ہیں، جہاں انتخابات سے قبل تمام رجسٹرڈ ووٹرز کی حتمی فہرست دستیاب ہوتی ہے۔ چاروں صوبوں میں ڈی ای سی کے دفاتر اور رابطے کی تفصٰلات الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے لی جاسکتی ہیں۔
ووٹرز ڈسپلے سنٹرز جا کر بھی اپنے ووٹ کی رجسٹریشن سے متعلق آگاہی لے سکتے ہیں۔ البتہ یہ مراکز سارا سال قائم نہیں ہوتے بلکہ انتخابات سے قبل ای سی پی ملک کے مختلف علاقوں میں جب بھی ضرورت محسوس کرتا ہے تو تقریباً 21 دنوں کے لیے ڈسپلے سینٹرز قائم کرتا ہے جہاں غیر حتمی فہرستیں موجود ہوتی ہیں۔
اگر ووٹرز کو کسی قسم کی کوئی شکایت یا انتخابی حلقے سے متعلق کسی قسم کی تبدیلی درکار ہو تو وہ بھی کرواسکتے ہیں۔ آئندہ ماہ ہونے والے انتخابات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں 21 مئی 2022 سے 19 جون 2022 تک ڈسپلے سینٹرز قائم کئے تھے۔