بلا شبہ خوشی کا کوئی بھی موقع ہو، خواتین دھنک رنگ لباس پہن کر ہر طرف مسرتوں کے پھول کھلادیتی ہیں۔
عیدالاضحیٰ یوں تو خواتین کےلیے تھکا دینے والی عید ہوتی ہے کہ اُن کا سارا دِن باورچی خانہ، گھر کی صفائی اور دعوتوں کے اہتمام میں نکل جاتا ہے لیکن دوسری جانب اُن کےلیے یہ خیال ہی باعثِ طمانیت ہوتا ہے کہ گوشت مہنگا ہونے کے سبب وہ عام دِنوں میں جو پکوان نہیں بنا پاتیں، بقرعید کے دِنوں میں باآسانی پکالیتی ہیں۔
بقرہ عید کے اس پرُمسرت موقع پر ہم آپ کو گوشت کے مزیدار پکوان کی تراکیب بتارہے ہیں۔ انہیں آزماکر اپنی دعوت کا مزہ دوبالا کریں۔
اجزاء: بکرے کا گوشت ایک کلو،گھی تین سے چار کھانےکے چمچے، پیاز پسی ہوئی آدھی پیالی، ادرک لہسن پسا ہوا دو کھانے کے چمچے، لال مرچ پسی ہوئی دو کھانے کے چمچے، زیرہ پسا ہوا ایک چائے کا چمچ، گرم مسالہ پسا ہوا ایک چائے کا چمچ، ہلدی ایک چائے کا چمچ، دھنیا پسا ہوا ایک چائے کا چمچ ،ہری مرچ چار سے پانچ عدد، بادام پستے پسے ہوئے آدھی پیالی، نمک حسب ذائقہ، دہی آدھا کلو، کریم آدھی پیالی، ہرا دھنیا آدھی گٹھی۔
ترکیب: ہانڈی میں گھی گرم کرکے پیاز ڈال کر پکائیں اب اس میں ادرک لہسن بھی شامل کر دیں، پھر نمک اور تمام مسالے دہی میں مکس کرکے شامل کریں، اب گوشت ڈال کر اچھی طرح مکس کرکے بھونیں، پھر حسب ضرورت پانی شامل کرکے گوشت گلنے تک پکائیں۔ جب گوشت گل جائے اور گریوی گاڑھی ہو جائے تو کریم شامل کرکے اچھی طرح مکس کرلیں اور ہرا دھنیے سے گارنش کریں۔
اجزا: کلیجی ایک کلو، ٹماٹر ایک پاؤ (کٹے ہوئے)، لیموں کا رس تین کھانے کے چمچے، ادرک لہسن کا پیسٹ دو کھانے کے چمچے، گرم مسالہ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، قصوری میتھی دو کھانے کے چمچے، کُٹی لال مرچ دو کھانے کے چمچے، ہرا دھنیا ایک گٹھی (باریک کاٹ لیں) ہری مرچیں آٹھ عدد (باریک کٹی ہوئی) ادرک ایک کھانے کا چمچ (باریک کٹی ہوئی) دہی ایک پاؤ، تیل حسبِ ضرورت۔
ترکیب: کلیجی کو اچھی طرح دھو لیں، تاکہ اس کی بساند نکل جائے اور کلیجی میں لیموں کا رس لگا کر دس منٹ کے لیے رکھ دیں۔ ایک بڑے توے یا کڑاہی میں کلیجی ڈال کر پانچ منٹ کےلیے ڈھکن ڈھانک کر تیز آنچ پر رکھیں۔
جب خوب بھاپ آئے تو بڑی چھری سے اس کو ہلکا ہلکا کچل لیں۔ اس کے بعد کٹے ہوئے ٹماٹر، دہی، کُٹی لال مرچ، نمک، ادرک لہسن کا پیسٹ ڈال کر دوبارہ دس منٹ کے لیے ڈھکن ڈھانک کر ہلکی آنچ پر پکائیں۔
جب پانی خشک ہو جائے تو اس میں تیل، پسا ہوا گرم مسالہ، میتھی ڈال کر پھر سے پانچ منٹ کے لیے ڈھکن ڈھانک دیں۔ جب تمام چیزیں گل جائیں تو ہرا دھنیا، ہری مرچیں، ادرک کٹی ہوئی ڈال کر ہلکا سا کُوٹ لیں۔ دو سے چار منٹ بعد دم پر رکھ کر بھون لیں۔ سلاد، رائتہ اور نان کے ساتھ گرم گرم سرو کریں۔
اجزاء: قیمہ آدھا کلو، نمک حسب ذائقہ، لہسن کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، زیرہ ایک چائے کا چمچ، ادرک کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، گرم مسالہ پاؤڈر ایک سے دو چائے کے چمچ، لال مرچ (کٹی ہوئی) ایک سے دو چائے کے چمچ، پیاز ایک عدد (باریک چوپ کرلیں)، انڈا ایک عدد، کارن فلور ایک عدد، ثابت دھنیا (کٹا ہوا) ایک چائے کا چمچ، ہری مرچ (کٹی ہوئی) ایک کھانے کا چمچ، ہرا دھنیا (چوپ کرلیں) ایک سے دو کپ، تیل حسب ذائقہ، لکڑی کی اسٹک حسبِ ضرورت۔
ترکیب: قیمے کو چوپر میں پیس لیں۔ نمک، لہسن، ادرک پیسٹ، زیرہ، گرم مسالہ پاؤڈر، کٹی لال مرچ، پیاز، انڈا، کارن فلور، کٹا ہوا دھنیا، کٹی ہوئی ہری مرچ اور ہرا دھنیا ڈال کر اچھی طرح مکس کرکے تھوڑی دیر فریج میں رکھ دیں۔ کباب بنا کر گرم تیل میں تلیں۔ اب اسے لکڑی کی اسٹک میں لگا کر پلیٹ میں رکھیں۔ سلاد، چٹنی اور کیچپ کے ساتھ پیش کریں۔