پاکستان کے خلاف ڈیوس کپ گروپ ون ٹائی کھیلنے کےلیے اسلام آباد پہنچنے والی بھارتی ٹینس ٹیم نے پہلے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ میزبان ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی مقابلے کی تیاری کےلیے دو گھنٹے بھرپور پریکٹس کی۔
تین اور چار فروری کو اسلام آباد میں شیڈول پاک بھارت ڈیوس کپ ٹائی کےلیے دونوں ممالک کے کھلاڑیوں نے کمر کس لی ہے۔
بھارتی ٹینس ٹیم کو سخت سیکیورٹی میں مقامی ہوٹل سے پاکستان اسپورٹس بورڈ پہنچایا گیا جہاں بھارت اور پاکستان کی ٹیموں نے روشن کمپلیکس میں الگ الگ دو، دو گھنٹے تک گراس کورٹ پر پریکٹس سیشنز کیے۔
اس دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز نے خوشگوار موڈ کے ساتھ ایک دوسرے سے ملاقات بھی کی۔
ڈیوس کپ ٹائی کےلیے روشن کمپلیکس میں میڈیا اور تماشائیوں کےلیے انکلوژرز بنائے جارہے ہیں جبکہ خصوصی پاسز کے تحت شائقین پاک بھارت ٹینس ٹاکرے سے لطف اندوز ہوں گے۔