• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے بنی گالہ منتقل کردیا گیا

بشریٰ بی بی : فوٹو فائل
بشریٰ بی بی : فوٹو فائل

توشہ خانہ کیس میں 14 سال قید کی سزا پانے والی بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے بنی گالہ منتقل کر دیا گیا۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بنی گالہ میں رہائش گاہ کو سب جیل قرار دیا گیا ہے۔

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی درخواست پر بانی پی ٹی آئی کی رہائش گاہ بنی گالہ  کو سب جیل قرار دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق چیف کمشنر اسلام آباد نے سزا یافتہ بشریٰ بی بی کی بنی گالہ رہائش گاہ کو سب جیل قرار دیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ خان ہاؤس بنی گالہ موہڑہ نور کو تاحکم ثانی سب جیل قرار دیا جاتا ہے۔

چیف کمشنر کی جانب سے نوٹیفکیشن سی پی سی 1860 کے سیکشن 541 کے تحت کیا گیا۔

بانی پی ٹی آئی کی بنی گالہ رہائش گاہ کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بنی گالہ رہائش گاہ کے اندر جیل پولیس کا عملہ تعینات رہے گا۔

اس سے قبل حکومت کی جانب سے بشریٰ بی بی کی منتقلی کے معاملے پر مختلف تجاویز پر غور کیا گیا تھا، اڈیالہ جیل انتظامیہ کی درخواست پر مختلف آپشن پر غور کیا گیا۔

بنی گالہ ہاؤس، زمان پارک اور سرکاری ریسٹ ہاؤس کو سب جیل قرار دینے پر غور کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس میں 14، 14 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی گئی ہے، بشریٰ بی بی سزا سننے کے فوراً بعد گرفتاری دینے کیلئے خود اڈیالہ جیل پہنچی تھیں۔

قومی خبریں سے مزید