9 مئی کے پُر تشدد واقعات میں ملوث ہونے کے الزامات کے بعد 8 ماہ پولیس حراست میں رہنے والی معروف فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ اپنے زندگی کے پرانے معمولات کی جانب واپس لوٹ آئی ہیں۔
خدیجہ شاہ کی جانب سے طویل عرصے کے بعد اپنے انسٹاگرام پر نئی پوسٹس شیئر کی گئی ہیں جن میں انہوں نے اپنی پرانی، روز مرہ کی روٹین میں واپس آنے سے متعلق اپنے فالوورز کو آگاہ کیا ہے۔
انہوں نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ پر اعلان کیا ہے کہ وہ باضابطہ طور پر دوبارہ سے اپنی نجی اور پروفیشنل مصروفیات کا آغاز کر رہی ہیں۔
خدیجہ شاہ نے اپنی طویل پوسٹ میں اپنے فالوورز کی سپورٹ، ہمدردی اور محبت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اُن کی عام روٹین کی جانب واپسی کا سہرا اُن کے فالوورز اور حمایتیوں کے سر جاتا ہے۔
خدیجہ شاہ کا اپنی پوسٹ میں بتانا ہے کہ وہ پہلے سے زیادہ پرجوش انداز میں اپنی عام زندگی کی جانب واپس لوٹی ہیں۔
دوسری جانب خدیجہ شاہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسٹوریز بھی شیئر کی ہیں جن میں اُنہیں نئے ہیئر کٹ، اپنی بیٹیوں کے ساتھ اسکول جاتے، داتا دربار پر حاضری دیتے ہوئے، نئے سال کو خوش آمدید کہتے اور اپنے خاندانی افراد کے ساتھ ملتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی حمایتی خدیجہ شاہ سابق وفاقی اور پنجاب کابینہ کے رکن سلمان شاہ کی بیٹی ہیں۔
خدیجہ شاہ 9 مئی کے روز ہونے والے پر تشدد واقعات کے بعد 23 مئی کو خود لاہور پولیس کے سامنے پیش ہوئی تھیں۔