کراچی (اسٹاف رپورٹر) الخدمت کراچی کی جانب سے ناظم آباد میں اسٹیٹ آف دی آرٹ ڈائیگنوسٹک لیبارٹری کا افتتاح, امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کردیا۔ گزشتہ روز افتتاح کے موقع پر چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی ،ڈائریکٹر ڈائیگنوسٹک سروسز ڈاکٹر عظیم الدین ،ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر ثاقب انصاری ،ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدرالدین ،نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹرمعراج الہدی صدیقی، ممتاز کاروباری شخصیات ڈاکٹر مشتاق چھاپرا،ریاض اسماعیل ، صدرالخدمت یوکے سید شوکت علی ،صدر پیما کراچی ڈاکٹر عبد المتقی والخدمت ذمہ داران موجود تھے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ کراچی میں صحت کا ایک بڑاادارہ بنائیں گے،جہاں صحت کی تمام سہولتیں ایک جگہ دستیاب ہو گی۔ الخدمت کی خدمت کی وجہ ہے کہ اب ڈاکٹر اس کے اسپتالوں سے منسلک ہونا چاہتے ہیں ۔الخدمت ناظم آباد اسپتال میں لیبارٹری پہلے سے کام کر رہی تھی، تاہم ہم نے فیصلہ کیا کہ شہر یوں کیلئے اسٹیٹ آف دی آرٹ لیب قائم کی جائے ۔لیب غریب اور متوسط طبقے کو سہولت فراہم کر ے گی،جہاں ایم آرآئی ،میموگرافی ،سی ٹی اسکین اور ڈیسکا جیسے مہنگے ٹیسٹ ارزاں نرخوں پر کیے جائیں گے ۔ ہماری کوشش ہے کہ یہاں باقاعدہ ٹیچنگ اور نرسنگ اسپتال بنایا جائے۔