پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے مرکزی الیکشن سیل کے انچارج سینیٹر تاج حیدر نے این اے 127 لاہور میں پارٹی دفتر پر حملے کا معاملہ الیکشن کمیشن کے سامنے اٹھادیا۔
چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں پی پی سینیٹر نے کہا کہ لاہور میں حملہ آور ہمارے الیکشن دفتر میں گن پوائنٹ پر داخل ہوئے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ لاہور واقعے میں پیپلز پارٹی کے 3 کارکنوں کو اغوا کیا گیا، مسلح افراد کی ڈکیتی کی واردات کو میڈیا پر فخر سے دکھایا جارہا ہے۔
تاج حیدر نے یہ بھی کہا کہ حملہ آور ن لیگی امیدوار اور مسلح غنڈوں کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔
پی پی سینیٹر کے مؤقف اختیار کیا کہ یہ تاثر افسوسناک ہے کہ الیکشن کمیشن بھی بے بس ہے، یہ تاثر آئندہ انتخابات کی شفافیت کےلیے براہ راست چیلنج ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمیں بھروسہ ہے کمیشن کی طرف سے ان جرائم کے خلاف کارروائی ہوگی، الیکشن کمیشن پنجاب ایف آئی آر اندراج اور تحقیقات کا حکم دے۔