پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو شکست کا سامنا کرنا پڑگیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 8 وکٹ سے شکست دی اور ایونٹ کے پہلے ہی میچ میں فتح اپنے نام کرلی۔
لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کےلیے 196 رنز کا ہدف دیا، جو شاداب خان الیون نے 18اعشاریہ 2 اوورز میں حاصل کرلیا۔
فاتح ٹیم کے کپتان شاداب خان نے میچ میں آل راونڈپرفارمنس دی ، انہوں نے 41 گیندوں پر 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور بولنگ میں ایک وکٹ بھی حاصل کی۔
شاداب خان نے اننگز کے دوران 5 چھکے اور 6 چوکے لگائے جبکہ انہوں نے آغا سلمان کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ پر 138 رنز کی شراکت قائم کی ۔
آغا سلمان نے 31 گیندوں پر 64 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 7 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، وہ بھی ناقابل شکست لوٹے۔
شاہین آفریدی، حارث روف، زمان خان اور ڈیوڈ ویسا کی بڑی بولنگ لائن کے باوجود لاہور قلندرز صرف اسلام آباد یونائیٹڈ کی اوپننگ جوڑی کو ہی آؤٹ کرنے میں کامیاب رہی۔
اس سے قبل لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 195 رنز بنائے اور اسلام آباد کےلیے 196 رنز کا ہدف سیٹ کیاتھا۔
قلندرز کے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے 57، عبداللّٰہ شفیق نے 28، ڈیوڈ ویسا نے 14 ، فخر زمان 13 اور شاہین آفریدی صفر رنزبناکر پویلین لوٹ گئے تھے۔
لاہور قلندرز کی طرف وین ڈر ڈوسن نے 41 گیندوں پر 71 رنز کی ناقابل شکست باری کھیلی اور ٹیم کے لیے بڑے ہدف کی راہ ہموار کی تھی۔
اسلام آباد کے ٹائمل ملز نے 2، نسیم شاہ اور شاداب خان نے 1،1 وکٹ اپنے نام کیں۔
اس سے قبل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے میچ کی ٹاس کےلیے اسلام آباد کے کپتان شاداب خان اور دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی میدان میں اترے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے ایلکس ہیلز، کولن منرو، سلمان علی آغا، شاداب خان، اعظم خان، حیدر علی، عماد وسیم، فہیم اشرف، نسیم شاہ، عبید شاہ اور ٹائیمل ملز پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔
لاہور قلندرز نے پہلے میچ میں مقابلے کےلیے فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، رسی ویندر ڈوسن، عبداللّٰہ شفیق، ڈیوڈ ویزے، سلمان فیاض، جہانداد خان، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور زمان خان کو کھیلانے کا فیصلہ کیا ہے۔