الیکشن کمیشن نے این اے 64 گجرات سے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی اہلیہ قیصرہ الہٰی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔
این اے 64 گجرات سے قیصرہ الہٰی کی درخواست پر چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سماعت کی۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آر او این اے 64 نے اپنی رپورٹ جمع کروا دی ہے۔
قیصرہ الہٰی کے وکیل عامر سعید نے کہا کہ سالک حسین کو جتوانے کے لیے بڑے پیمانے پر دھاندلی کی گئی، الیکشن سے دو روز قبل ہمارے لوگوں کو اٹھایا گیا، فارم 45 میں کٹنگ کر کے سالک حسین کے ووٹ بڑھائے گئے، جعلسازی پر آر او کے خلاف کارروائی کی جائے۔
این اے 64 سے دیگر امیدواروں نے بھی فریق بننے کی درخواستیں جمع کروا دیں۔
سالک حسین کے وکیل نے آر او رپورٹ کی روشنی میں درخواست مسترد کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار نے حتمی نتیجہ کے وقت اصل فارم 45 جمع نہیں کروائے۔