کراچی کنگز کے کھلاڑی تبریز شمسی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل ایک معیاری لیگ ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تبریز شمسی نے کہا کہ پاکستان میں بولرز بہت اچھے ہیں، پاکستان نے ہمیشہ اچھے فاسٹ بولرز پیدا کیے ہیں۔
تبریز شمسی کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز نوجوان کھلاڑیوں نے عمدہ پرفارم کیا، یہی لیگ کی خوبصورتی ہے، پی ایس ایل نوجوان باصلاحیت کھلاڑیوں کے لیے اپنی مہارت سامنے لانے کا ایک اچھا پلیٹ فارم ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سیزنز کی کارکردگی اب ماضی کا حصہ ہے، آپ چیمپئن بھی ہوں تو پھر بھی آپ کو زیرو سے شروع کرنا پڑتا ہے، ہماری مینجمنٹ نئی ہے، ماحول اچھا بنا ہوا ہے اور ٹریننگ اچھی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بیٹنگ ہمارا مسئلہ نہیں ہے ابھی صرف ایک میچ ہوا ہے، بابر اعظم ایک اسپیشل کھلاڑی ہیں وہ ہر جگہ اچھا پرفارم کرتے ہیں وہ اکیلے ٹیم میں بیٹر نہیں دیگر بیٹرز بھی ہیں ہم صرف ایک پر فوکس نہیں کر رہے۔
کراچی کنگز کے کھلاڑی نے کہا کہ پی ایس ایل میں اچھی چیز یہ ہے کہ کراؤڈ دونوں ٹیموں کو سپورٹ کرتا ہے، لاہور میں جنوبی افریقا کی جانب سے ایک میچ کھیل چکا ہوں لیکن تب کورونا کے دن تھے اب لاہور کے کراؤڈ کو انجوائے کروں گا۔
دوسری جانب پریکٹس سیشن کے لیے پشاور زلمی اور کراچی کنگز کی ٹیمیں ایل سی سی اے گراؤنڈ پہنچ گئی ہیں۔
دونوں ٹیمیں 3 گھنٹے تک پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گی، کراچی کنگز کا لاہور میں پہلا پریکٹس سیشن ہو گا۔
کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ کل قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔