میگنیشیم سے بھرپور غذائیں خواتین کی مجموعی صحت سمیت ہارمونز کا توازن برقرار رکھنے میں مفید ہوتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق غیر متوازن طرزِ زندگی اور مضرِ صحت غذاؤں کے سبب خواتین میں پولی سسٹک اووری سنڈروم یعنی PCOS پہلے سے کہیں زیادہ عام ہو گیا ہے۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق یہ صورتحال تولیدی عمر کی تقریباً 8 سے 13 فیصد خواتین کو متاثر کرتی ہے اور 70 فیصد تک کیسز کی تشخیص ہی نہیں ہو پاتی۔
پی سی او ایس کی علامات میں ماہواری کی بے قاعدگی، غیر متوازن ہامونز، اووری کے سسٹ (گلٹی)، مہاسے، بال گرنا اور وزن کا بڑھنا شامل ہے۔
PCOS خواتین کو ان کی تولیدی عمر کے دوران متاثر کرتا ہے اور یہ خواتین میں بانجھ پن کی ایک عام وجہ بھی ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ PCOS کا کوئی دائمی علاج نہیں ہے تاہم طرز زندگی اور خوراک میں تبدیلی کے ساتھ علامات کو مؤثر طریقے سے متوازن کیا جا سکتا ہے۔
اس مسئلے پر قابو پانے میں کئی غذائی اجزاء اہم کردار ادا کرتے ہیں جن میں سے ایک میگنیشیم ہے۔
میگنیشیم خواتین کی ہارمون سے متعلق بگڑی صورتحال کو بہتر بنانے میں مدد کرتا ہے۔
مطالعات کے مطابق میگنیشیم سے بھرپور غذائیں مجموعی صحت اور ہارمون ریگولیشن پر مثبت اثرات مرتب کرسکتی ہیں۔
میگنیشیم انسولین کی حساسیت کو بہتر بنانے میں بھی کردار ادا کرتا ہے۔
میگنیشیم سوزش، بے چینی اور درد شقیقہ کو کم کرنے میں بھی مدد کرتا ہے۔
خواتین نیند سے متعلق مسائل کا سامنا کرتی ہیں، میگنیشیم بہتر نیند میں بھی مدد کر سکتا ہے۔
خواتین کو کن باتوں کا خیال رکھنا چاہیے؟
غذا: مکمل اناج، ہر طرح کی خوراک کے استعمال پر توجہ دیں، اپنی خوراک میں آئرن کی مقدار کو بھی لازمی بڑھائیں۔
بہت زیادہ پروسس شدہ غذاؤں، بہت زیادہ چینی اور نمک سے پرہیز کرنا بھی ضروری ہے۔
ورزش: باقاعدگی سے ورزش ہارمونل توازن کو فروغ اور صحت مند وزن برقرار رکھنے میں مدد دیتی ہے۔
خواتین میں تولیدی نظام کو منظم کرنے کے لیے وزن میں کمی سب سے مؤثر حکمت عملیوں میں سے ایک ہے۔
ذہنی تناؤ سے نجات کیلئے یوگا اور مراقبہ جیس ترکیبوں پر توجہ دیں۔
پرسکون، بھرپور نیند لیں: ہارمونل توازن کو فروغ دینے کے لیے اچھی، پرسکون اور بھرپور نیند اہم کردار ادا کرتی ہے۔