سابق صدرآصف علی زرداری کو صدارتی امیدوار نامزد ہونے پر پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو نے مبارک باد دی ہے۔
جاری کیے گئے بیان میں ان کا کہنا ہے کہ سیاسی بحران سے ملک کو آصف زرداری اور پیپلز پارٹی ہی نکال سکتی ہے۔
نثار کھوڑونے کہا ہے کہ 18 ویں ترمیم کے تحت صوبائی خود مختاری کی شقوں پر عمل کرایا جائے گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ آصف زرداری کے صدر بننے سے این ایف سی ایوارڈ کا راستہ ہموار ہو گا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا ہے کہ نئے قومی مالیاتی ایوارڈ میں صوبوں کا حصہ مزید بڑھایا جائے گا، آئینی طور پر این ایف سی میں حصہ بڑھایا تو جا سکتا ہے کم نہیں کیا جا سکتا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ مضبوط صوبے مضبوط وفاق کی علامت ہوتے ہیں، صوبوں کے وسائل پر صوبوں کا مکمل حق تسلیم کرایا جائے گا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو کا یہ بھی کہنا ہے کہ غیر جمہوری سازشیں کسی صورت کامیاب نہیں ہوں گی۔