• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اللّٰہ تعالیٰ مجھے اپنی مخلوق کی بہترین انداز میں خدمت کی توفیق عطا فرمائے، مریم نواز

فائل فوٹو
فائل فوٹو

نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز  نے خدمت خلق سے سرشار  جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ مجھے اپنی مخلوق کی بہترین انداز میں خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔

مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان خاص طور پر پنجاب کے عوام کا شکریہ، عوام نے نواز شریف کو مینڈیٹ دیا اور ن لیگ کو سب سے بڑی جماعت کے طور پر الیکشن میں کامیاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ نئے جذبے، عزم اور خلوص سے نئے سفر کا آغاز کر رہے ہیں، آپ سب کا اعتماد اور حمایت میرا اصل اثاثہ ہے، دعا ہے اور پوری کوشش ہوگی کہ میں آپ اور عوام کے اعتماد پر پورا اتروں۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ پاکستان اور پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ ہونے کا اعزاز ملا ہے، میں یہ اعزاز پاکستان کی ہر ماں، بہن، بیٹی اور بچی کے نام کرتی ہوں، یہ ایک خاتون اور ایک بیٹی کو عزت دی گئی ہے۔

نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور جماعت کے تمام اکابرین کا شکریہ ادا کرتی ہوں، نواز شریف اور شہباز شریف کے زیرِ سایہ ان کی رہنمائی اور تجربے کو ساتھ لے کر چلیں گے، ان کی پنجاب کو ترقی دینے کی سوچ پر عمل کریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ حکومت اور جماعت کی سطح پرہم نے اپنی ترجیحات کا روڈ میپ مرتب کر لیا ہے، ایم پی ایز میرے بازو اور طاقت ہوں گے، پنجاب کے 297 حلقے میرے لیے ڈسٹرکٹ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہیلتھ، ایجوکیشن، انفرااسٹرکچر، لاء اینڈ آرڈر، زراعت، آئی ٹی وغیرہ سب پر مساوی تقسیم ہو گی، ہر حلقہ، ڈسٹرکٹ، یونین کونسل اور ڈویژن ماڈل ہونا چاہیے، کوئی دوسرے سے کم نہیں ہونا چاہیے اور یہ آپ کی ذمے داری ہونی چاہیے۔

مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس مریم نواز کی زیر صدارت جاتی امرا میں ہو رہا ہے، نومنتخب ممبران پنجاب اسمبلی نے اجلاس میں شرکت کی ہے۔

مریم نواز کی جانب سے امیدواروں کے لیے ظہرانہ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

جاتی امرا میں ہونے والے اجلاس میں 218 ممبر شریک ہیں۔

اجلاس میں الیکشن کمیشن کو مخصوص نشستوں کے لیے دی گئی فہرست میں شامل ارکان بھی شریک ہیں۔

قومی خبریں سے مزید