پشاور(جنرل رپورٹر) چارسدہ روڈ ضلع مردان کے رہائشی عمر خان کے تین بیٹے جنہیں رات کے وقت دکھائی نہیں دیتا کاخیبرٹیچنگ ہسپتال میں طبی معائنہ کیا گیا ۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ کے شکایت اینڈ ریڈریسل سیل نے عمرخان کےتین بیٹوں 18سالہ طلحہ سعید، 14سالہ دانش سعید اور 12سالہ صفوان ، جواندھے پن کا شکار ہیں ، کے مفت علاج کے حوالے سے خیبرٹیچنگ ہسپتال کو درخواست کی جس پر ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر روح المقیم نے تینوں مریضوں کو ہسپتال بلایا جہاں ماہرین امراض چشم پر مشتمل ٹیم پروفیسر ڈاکٹر محمد ابرار، سینئر رجسٹرار ڈاکٹر زمان شاہ اور دیگر نے ان بھائیوں کا چیک اپ کیا اور مرض کی تشخیص کرتے ہوئے انہیں نظرکے چشمے پہننے کا مشورہ دیا جبکہ انہیں مفید مشورےبھی دیئےگئے۔تینوں بھائیوں کو بتایا گیا کہ اندھیرے میں اندھے پن کی کئی وجوہات ہیں جس میں ایک وجہ جسم میں وٹامن اے کی کمی ہے جو قابل علاج ہے‘ ڈاکٹروں کے مطابق یہ تین بھائی اندھے پن کا شکار ہیں جس کیلئے کوئی موثر علاج موجود نہیں تاہم اس حوالے سے ریسرچ جاری ہے اور مستقل میں علاج دریافت ہونے کی امید ہے ۔