• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راہول گاندھی سے ملنے کیلئے 10کلو وزن کم کرنے کو کہا گیا: بابا صدیق کے بیٹے کا انکشاف

فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

ممبئی یوتھ کانگریس کے سربراہ کے عہدے سے ہٹائے گئے ذیشان صدیق نے کانگریس رہنما پر الزام لگایا ہے کہ راہول گاندھی کے ارد گرد موجود لوگ پارٹی کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

بھارتی معروف شخصیت بابا صدیق کے بیٹے، کانگریس جماعت کے ایم ایل اے ذیشان صدیق نے کانگریس جماعت کے اندر امتیازی سلوک کا الزام لگاتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ راہول گاندھی کی ٹیم کے رکن نے اِنہیں شرمندہ اور ذلیل کیا تھا۔

ذیشان صدیق نے مزید الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ راہول گاندھی کی ٹیم بہت کرپٹ ہے۔

یاد رہے کہ ذیشان صدیق نے یہ سب الزامات ممبئی یوتھ کانگریس کے سربراہ کے عہدے سے ہٹائے جانے کے ایک دن بعد لگائے ہیں۔

بابا صدیق کے بیٹے ذیشان صدیق نے جمعرات کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران مزید کہا کہ بھارت جوڈو یاترا کے دوران راہول گاندھی کی ٹیم کے ایک شخص نے اِن سے کہا کہ اگر وہ وائناڈ کے ایم پی (راہول گاندھی) سے ملنا چاہتے ہیں تو وزن کم کریں۔

ذیشان صدیق کا بتانا تھا کہ راہول گاندھی ایک اچھے لیڈر ہیں، وہ اپنا کام کرتے ہیں، ملکارجن کھرگے میرے لیے باپ کی طرح ہیں لیکن بعض اوقات، ان کی سینیارٹی کے باوجود کھرگے جی کے ہاتھ بھی بندھے ہوتے ہیں۔

ذیشان صدیق نے دعویٰ کیا کہ راہول گاندھی کے اردگرد جو ٹیم ہے وہ پارٹی کو اس طرح سے تباہ کر رہی ہے جیسے اُنہوں نے کانگریس کو ختم کرنے کے لیے کسی دوسری پارٹی سے ڈیل کی ہو۔

انہوں نے اس دوران مزید کہا کہ مجھے راہول سے ملنےکے لیے وزن کم کرنے کا کہا گیا، یہ میری تذلیل کی گئی ہے، میں ایک ایم ایل اے ہوں، ممبئی یوتھ کانگریس کا سربراہ ہوں، کیا آپ کسی کو اس طرح سے شرمندہ کر سکتے ہیں۔

ذیشان صدیق نے مزید کہا کہ راہول گاندھی خود اچھا کام کر رہے ہیں لیکن وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ ان کی ٹیم کتنی بدتمیز ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اس بات کا کوئی علم نہیں ہے کہ مجھے ممبئی یوتھ کانگریس کے سربراہ کے عہدے سے کیوں ہٹایا گیا ہے، ذیشان نے کہا کہ کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے، سینئر قیادت کی طرف سے کوئی کال نہیں آئی ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں  ذیشان صدیق کے والد بابا صدیق نے کانگریس چھوڑنے کے چند دن بعد نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے اجیت پوار دھڑے میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔

اس موقع پر ذیشان صدیق کا کہنا تھا کہ کانگریس پارٹی میں جس طرح سے معاملات چل رہے ہیں، انہیں دوسرے آپشنز پر غور کرنا پڑ سکتا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید